Dawn News Television

اپ ڈیٹ 08 ستمبر 2019 05:59pm

ہیک ہونے والی سرکاری ریڈیو کی ویب سائٹ کچھ ہی دیر بعد بحال

سرکاری براڈکاسٹر ادارے ریڈیو پاکستان کی ویب سائٹ ہیک کرلی گئی، تاہم کچھ ہی دیر بعد اسے بحال بھی کروالیا گیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں ہیکرز نے بتایا کہ ریڈیو پاکستان کی ویب سائٹ ہیک کرلی گئی۔

ہیک کرنے کے بعد ہیکر نے ویب سائٹ کے منتظم کے لیے ایک پیغام جاری کیا جس میں اس نے لکھا کہ ‘ہیلو ایڈمن، آپ بہت محفوظ ہیں اور ہم آپ کی سیکیورٹی کے معترف ہیں‘۔

ہیکرز نے ویب سائٹ کے منتظم کو پیغام دیا اور خبردار کرتے ہوئے مزید لکھا گیا کہ ’ہماری آپ پر نظر پڑی، ہم سے توقع رکھیں‘۔

مزید پڑھیں: ایران سے تعلق رکھنے والے ہیکرز نے کاروبار کو ہدف بنایا، مائیکروسافٹ

ہیکرز نے اپنے پیغام میں بتایا کہ ان کا کرش رولرز کے نام سے ایک گروپ ہے جس نے ویب سائٹ کو ہیک کیا ہے جبکہ اس نے پیغام کے اختتام پر ’پاکستان زندہ باد‘ کا نعرہ بھی تحریر کیا۔

تاہم ٹوئٹر پر جاری پیغام اور ویب سائٹ کے ہیکرز کے درمیان تعلق کی تصدیق نہیں ہوتی۔

مذکورہ ٹوئٹر اکاؤنٹ کے ماضی کے پیغامات سے واضح ہوتا ہے کہ یہ گروہ بڑی کاروباری اور سرکاری ویب سائٹس کو ہیک کرنے میں ملوث رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: امیتابھ بچن کا ٹوئٹر اکاؤنٹ ہیک، عمران خان کی تصویر لگادی گئی

اس گروہ نے جن ویب سائٹ کو ہیک کرنے کا دعویٰ کیا، ان میں پبلک پروکرومنٹ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان، پاکستان کرکٹ بورڈ، بہاالدین زکریا یونیورسٹی، زوم پیٹرولیم پاکستان اور دیگر شامل ہیں۔

تاہم مذکورہ اکاؤنٹ سے جاری بیان کے باوجود ان ہیکنگ کی تصدیق نہیں ہوسکی۔

ریڈیو پاکستان کی ویب سائٹ ہیک ہونے کے کچھ دیر بعد دوبارہ بحالی کروالی گئی۔

Read Comments