کیا صبا قمر اور ماہرہ خان ایک دوسرے کی حریف ہیں؟
پاکستان کی نامور اداکار صبا قمر کا شمار اپنے وقت کی بہترین فنکاراؤں میں کیا جاتا ہے، وہ ایک کے بعد ایک کامیاب پروجیکٹ کا حصہ بنتی آرہی ہیں لیکن ایک اداکارہ ہیں جنہیں ہمیشہ صبا قمر کے مدمقابل سمجھا جاتا ہے اور وہ کوئی اور نہیں بلکہ ماہرہ خان ہیں۔
میڈیا میں ہمیشہ ان دونوں کو حریف کے طور پر پیش کیا گیا جبکہ ان کے کیریئر کا مقابلہ بھی ہوتا آرہا ہے۔
البتہ دونوں اداکارائیں نہ تو کبھی کسی پروجیکٹ میں ساتھ نظر آئیں اور نہ ہی ان دونوں نے ایک دوسرے کے حوالے سے کبھی کوئی بات کی۔
مزید پڑھیں: فواد خان، صبا قمر اور ماہرہ خان سے خوفزدہ
تاہم اب صبا قمر نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں ماہرہ خان، اپنی دوستی اور تعلق پر کھل کر بات کی۔
خیال رہے کہ ماہرہ خان نے چند سال قبل ایک ایوارڈ شو میں پرفارم کرتے ہوئے ان اداکاراؤں پر طنز کیا تھا جنہوں نے ماہرہ خان کے حوالے سے کہا تھا کہ انہیں اداکاری نہیں آتی، اس پر ماہرہ نے کہا تھا کہ 'کچھ اداکاراؤں نے کہا کہ مجھے ایکٹنگ نہیں آتی، کیا آپ کی فلمیں بھی 100 کروڑ کماتی ہیں؟'
اس موقع پر ماہرہ خان اپنی بولی وڈ فلم 'رئیس' کا حوالے دے رہی تھی جس نے 100 کروڑ روپے سے زیادہ کا بزنس کیا، اس فلم میں وہ شاہ رخ خان کے ہمراہ نظر آئیں تھی۔
ماہرہ کی اس پرفارمنس کے بعد سوشل میڈیا پر یہ بات سامنے آئی کہ ماہرہ اس موقع پر صبا قمر پر تنقید کررہی ہیں تاہم اس دوران صبا قمر نے خاموشی اختیار کی۔
کچھ عرصے بعد جب صبا قمر کی بولی وڈ فلم 'ہندی میڈیم' دنیا بھر میں کامیاب ہوئی اور ماہرہ کی فلم 'رئیس' سے آگے نکل گئی تو اداکارہ نے اپنے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شیئر کیا جس میں انہوں نے ماہرہ کے پرفارمنس کے دوران پوچھے گئے سوال کا جواب دیا۔