فواد خان، صبا قمر اور ماہرہ خان سے خوفزدہ

04 جون 2016
پاکستانی اداکار فواد خان —۔
پاکستانی اداکار فواد خان —۔

پاکستانی اداکار فواد خان اس وقت اپنے کیرئیر کے عروج پر ہیں، لیکن بولی وڈ کی ایک کے بعد ایک کامیاب فلم اور تمام بڑے اسٹارز کے ساتھ کام کرنے کے باوجود بھی فواد بولی وڈ جانے والے دیگر پاکستانی اداکاروں سے خوفزدہ ہیں۔

مزید پڑھیں: صبا قمر کی بولی وڈ ڈیبیو فلم ’ہندی میڈیم‘

ہندوستان ٹائمز کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں جب فواد سے سوال کیا گیا کہ وہ پاکستان سے آنے والی اداکاراؤں صبا قمر اور ماہرہ خان کے بارے میں کیا سوچتے ہیں تو فواد نے ہنستے ہوئے کہا، ’میں یہ کہتے ہوئے خود غرض لگوں گا لیکن یہ میرے لیے کوئی دلچسپ وقت نہیں، میں مرد اور عورت میں فرق نہیں کرتا، اس لیے مجھے اتنا ہی سخت مقابلہ لگ رہا ہے جتنا کسی مرد اداکار سے لگتا‘۔

فواد خان کا مزید کہنا تھا ’میں خوش ہوں کہ پاکستان کی نمائندگی کر رہا ہوں اور میں جانتا ہوں کہ وہاں بہت ٹیلنٹ موجود ہے۔ دوسرے پاکستانی اداکاروں کو یہاں (بولی وڈ) میں شامل ہوتے دیکھ کر مجھے بہت اچھا لگ رہا ہے اور میں ان کی کامیابی کے لیے دعائیں کرتا ہوں، مجھے امید ہے کہ وہ مجھ سے بہت بہتر کام کریں گی‘۔

یہ بھی پڑھیں: ماہرہ خان کے بولی وڈ کیرئیر کا آغاز

واضح رہے کہ اس حوالے سے بھی خبریں گردش کر رہی تھیں کہ فواد خان، سلمان خان کی پروڈکشن میں بننے والی فلم ’جگل بندی‘ میں مرکزی کردار ادا کریں گے۔

تاہم جب فواد سے اس حوالے سے سوال کیا گیا تو انہیں نے فی الحال کچھ بھی کہنے سے انکار کردیا، ان کا کہنا تھا ’مجھے کئی فلموں کی آفرز ہیں، آپ سمجھ لیں جگل بندی بھی ان میں سے ایک ہے، تاہم میں تب تک اس بارے میں بات نہیں کروں گا جب تک اسے سائن نہ کرلوں‘۔

یہ بھی پڑھیں: سلمان اور فواد کی 'جگل بندی'؟

فواد خان کی آنے والی فلموں میں بولی وڈ کی ’اے دل ہے مشکل‘، اور پاکستان کی ’البیلا راہی‘ اور ’مولا جٹ‘ کا ری میک شامل ہیں۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں