Dawn News Television

شائع 01 اکتوبر 2019 08:25pm

قومی ٹیم کی کوچنگ کے بعد آرتھر کی کراچی کنگز سے بھی چھٹی کا امکان

ایسا لگتا ہے کہ قومی ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ مکی آرتھر کے پاکستان میں دن گنے جا چکے ہیں اور قومی ٹیم کی کوچنگ سے ہاتھ دھو بیٹھنے کے بعد اب پاکستان سپر لیگ سے بھی ان کی چھٹی ہوتی ہوئی نظر آ رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق پی ایس ایل فائیو سے قبل تمام فرنچائزوں کی مینجمنٹ میں تبدیلیاں متوقع ہیں جس کے نتیجے میں قومی ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ بھی اپنی نوکری سے ہاتھ دھو بیٹح سکتے ہیں۔

ورلڈ کپ 2019 میں قومی ٹیم کی واجبی کارکردگی اور سیمی فائنل تک رسائی میں ناکامی پر پی سی بی نے مکی آرتھر سمیت کوچنگ اسٹاف کے معاہدوں میں توسیع نہیں کی تھی۔

باوثوق ذرائع نے بتایا کہ پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کے آغاز سے قبل کراچی کنگز کے کوچ مکی آرتھر کو عہدے سے ہٹایا جاسکتا ہے اور ان کی جگہ ڈین جونز کو کوچ مقرر کیا جاسکتا ہے۔

ڈین جونز اس وقت اسلام آباد یونائیٹڈ کے کوچ ہیں البتہ اگر وہ ڈین جونز کراچی کنگز کے کوچ بنتے ہیں تو ایسی صورت میں مصباح الحق کو اسلام آباد یونائیٹڈ کی کوچنگ کی ذمے داری سونپی جا سکتی ہے جبکہ وقاریونس کو مینٹور برقرار رکھے جانے کا امکان ہے۔

یاد رہے کہ مصباح الحق کی زیر قیادت اسلام آباد یونائیٹڈ دو مرتبہ پی ایس ایل چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کر چکی ہے۔

Read Comments