Dawn News Television

شائع 02 اکتوبر 2019 10:57pm

وزیراعظم کا بنگلہ دیشی ہم منصب کو خیریت دریافت کرنے کیلئے فون

وزیر اعظم عمران خان نے بنگلہ دیش کی ہم منصب شیخ حسینہ واجد کو ٹیلی فون کر کے ان کی خیریت دریافت کی۔

وزیر اعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق ٹیلی فونک گفتگو میں وزیر اعظم نے شیخ حسینہ واجد کی خیریت دریافت کرنے کے ساتھ ان کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات ہیں۔

انہوں نے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اقتدار میں آنے کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب وزیر اعظم عمران خان نے انہیں ٹیلی فون کیا۔

بنگلہ دیش کی وزیر اعظم 4 روزہ سرکاری دورے پر جمعرات کو بھارت روانہ ہوں گی۔

بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی کے رہنماؤں کو 1971 کے واقعات کے حوالے سے ٹرائل اور سزائیں دینے پر اسلام آباد اور ڈھاکا کے درمیان تعلقات میں تناؤ پایا جاتا ہے، جبکہ دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات بھی تعطل کا شکار ہیں۔

Read Comments