Dawn News Television

اپ ڈیٹ 16 اکتوبر 2019 09:55am

صرف ٹریلر دیکھ کر پوری فلم کو ناپسند کرنا غلط ہے، عائشہ عمر

جلد ریلیز ہونے والی پاکستان فلم 'کاف کنگنا' کا پہلا ٹریلر حال ہی میں ریلیز کیا گیا تھا، تاہم سوشل میڈیا پر مداح اسے زیادہ پسند کرتے نظر نہیں آئے۔

ٹریلر میں اداکاروں کے ڈائیلاگز کو سب سے زیادہ تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

مزید پڑھیں: پاکستانی لڑکے کی بھارتی لڑکی سے لازوال محبت کی کہانی ’کاف کنگنا‘

ٹوئٹر پر ایک مداح نے لکھا کہ اگر فلم کا ٹریلر اتنا برا ہے تو فلم دیکھنے کے لیے پیسے کون خرچ کرے گا؟

انہوں نے غلطی سے کاف کنگنا کا ٹریلر دیکھ لیا اور اب یہ اپنی آنکھوں کے ساتھ ایسا کررہے ہیں۔

اس حوالے سے فلم کی کاسٹ میں شامل عائشہ عمر نے ڈان سے بات کرتے ہوئے اپنی رائے کا اظہار کیا۔

عائشہ عمر کا کہنا تھا کہ 'میں نے سنا تھا کہ سوشل میڈیا پر ٹریلر کا مذاق اڑایا جارہا ہے، ہر کسی کو اپنی رائے کے اظہار کا حق ہے، ذاتی طور پر میرا ماننا ہے کہ آپ کسی ٹریلر کو دیکھ کر فلم کا نتیجہ نہیں نکال سکتے'۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ 'ایسی کئی فلمیں سامنے آئی جن کے ٹریلرز تو بہترین ہوتے البتہ ریلیز کے بعد شائقین کو مایوسی ہوئی، تو پھر وہ کیا تھا؟ یہ سب ہوتا ہے'۔

عائشہ کے مطابق 'ہوسکتا ہے اس فلم کے ٹریلر کے ساتھ بھی ایسا ہی ہوا ہو، ہوسکتا ہے ٹریلر وہ دکھا ہی نہیں رہا ہو جو اصل میں فلم ہے، ہوسکتا ہے یہ فلم کامیاب ثابت ہو، اس لیے ہمیں فلم کی ریلیز کا انتظار کرنا چاہیے'۔

خیال رہے کہ کاف کنگنا میں عائشہ عمر نے ایک نوجوانی پنجابی لڑکی کا کردار نبھایا ہے، جس کا نام گل ناز ہے، یہ فلم رواں ماہ 25 تاریخ کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: عائشہ عمر کی فلم ’کاف کنگنا‘

اپنے کردار کے حوالے سے عائشہ کا کہنا تھا کہ 'گل ناز ایک ایسی لڑکی ہے جو کسی سے نہیں ڈرتی، وہ جو سوچتی ہے بولتی ہے، نا وہ اپنا پیار چھپاتی ہے اور نہ ہی اپنی نفرت'۔

اداکارہ کے مطابق 'وہ جس شخص سے پیار کرتی ہے، وہ کسی اور کی محبت میں مبتلا ہوجاتا ہے، دل ٹوٹنے کے باوجود وہ ہمت نہیں ہارتی، اس کا یہی ماننا ہے کہ وہ جو چاہتی ہے اسے ملے گا، البتہ کوئی اور ہے جو اسے حاصل کرنے کی خواہش کررہا ہوگا'۔

عائشہ عمر کا کہنا تھا کہ فلم میں کون کس کو ملے گا، یہ تو مداحوں کو اسے دیکھنے کے بعد ہی پتا چلے گا۔

فلم 'کاف کنگنا' میں عائشہ خان کے علاوہ سمیع خان، ساجد حسن، فضا علی اور ہما عدنان بھی اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔

اس فلم کی ہدایات خلیل الرحمٰن قمر نے دی ہے۔

Read Comments