پاکستان کی بہترین اداکارہ عائشہ عمر 2018 میں ’سات دن محبت ان‘ اور ’رہبرا‘ جیسی فلموں میں کام کرتی نظر آئیں گی، جبکہ اب اس سال ان کی تیسری فلم ’کاف کنگنا‘ کی شوٹنگ کا بھی آغاز ہوچکا ہے۔

اس فلم کی شوٹنگ کا آغاز رواں سال کے آغاز میں ہوا، جبکہ بعدازاں اس کی کاسٹ میں تبدیلیاں کی گئیں، عائشہ عمر کو اس فلم میں سمیع خان اور ایشال فیاض کے ہمراہ کاسٹ کیا گیا۔

اس فلم کی ہدایات خلیل الرحمٰن قمر دے رہے ہیں، جنہوں نے عائشہ عمر کے ساتھ کام کرنے کے تجربے کو ڈان سے شیئر کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ’عائشہ نے اس کردار کو بہت محبت سے قبول کیا ہے اور میرا خیال ہے کہ وہ اس کے ساتھ بخوبی انصاف بھی کررہی ہیں، وہ بےحد محنت کررہی ہیں، کبھی کبھی مجھے ایسا لگتا ہے وہ میری فلم میں کام نہیں کررہی بلکہ میں ان کے ساتھ کام کررہا ہوں‘۔

مزید پڑھیں: عائشہ عمر اتنی فٹ کیسے ہیں؟

انہوں نے مزید کہا کہ ’سمیع اور ایشل بھی میرے لیے کسی رحمت سے کم نہیں، وہ دونوں بھی بےحد محنت کررہے ہیں، مجھے لگتا ہے کہ خدا نے میرے لیے دروازے کھول دیے ہیں اور وہ ہر کام کو آسان بنا رہا ہے‘۔

فلم میں اپنے کردار ’گل ناز‘ پر بات کرتے ہوئے عائشہ عمر نے بتایا کہ ’میرے کردار کا تعلق لاہور سے ہے، جس کا نام گل ناز ہوگا، وہ بےحد بہادر لڑکی ہے‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’وہ ایک ایسی لڑکی ہے جو کسی سے نہیں ڈرتی، اس کا تعلق ایک امیر خاندان سے ہے‘۔

خلیل الرحمٰن قمر کا کہنا تھا کہ ’مجھے اس فلم کے لیے ایک لاہور سے تعلق رکھنے والی لڑکی کی ضرورت تھی اور عائشہ عمر کا ذاتی تجربہ مجھے فلم میں مدد دے رہا ہے‘۔

یہ بھی پڑھیں: احسن خان اور عائشہ عمر لاہور ریلوے اسٹیشن پر

خیال رہے کہ عائشہ عمر اپنے کیریئر میں پہلی مرتبہ لکھاری سے ہدایت کار بننے والی خلیل الرحمٰن قمر کے ساتھ کام کررہی ہیں، انہیں اس سے قبل خلیل الرحمٰن کے ساتھ تین اور پروجیکٹس میں کام کرنے کی آفرز موصول ہوچکی ہیں۔

اس حوالے سے عائشہ نے بتایا کہ ’یہ دلچسپ بات ہے کہ میں نے اس سے قبل خلیل صاحب کے ساتھ کبھی کام نہیں کیا، مجھے تین ایسے ڈراموں میں کام کرنے کی آفرز موصول ہوئیں جن کی کہانی خلیل صاحب نے تحریر کی تھی، جبکہ فلم پنجاب نہیں جاؤں گی میں کام کی آفر بھی مجھے موصول ہوئی، تاہم میں مصروفیت کے باعث ان پروجیکٹس میں کام نہیں کرپائی‘۔

فلم ’کاف کنگنا‘ آئی ایس پی آر کی مشترکہ کاوش ہے، اس رومانوی فلم کو رواں سال عید الضحیٰ پر ریلیز کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

خیال رہے کہ رواں سال عیدالضحیٰ پر ہمایوں سعید کی فلم ’جوانی پھر نہیں آنی‘ کا سیکوئل اور فہد مصطفیٰ کی فلم ’لوڈ ویڈنگ‘ بھی ریلیز کیی جائے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں