Dawn News Television

شائع 16 اکتوبر 2019 09:43pm

کشمیری عوام کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے، آرمی چیف

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایک بار پھر کشمیری عوام کو تنہا نہ چھوڑنے کا عزم ظاہر کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کا دورہ کیا۔

آرمی چیف کو بھارت کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزیوں اور اس کے جواب پر بریفنگ دی گئی۔

فوجی جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ 'کشمیری عوام بہادری سے بھارتی مظالم کا مسلسل مقابلہ کر رہے ہیں۔'

ان کا کہنا تھا کہ 'کشمیریوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے اور ہر قیمت پر اپنا درست کردار ادا کرتے رہیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ایل او سی پر جارحیت، بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر دفتر خارجہ طلب

واضح رہے کہ گزشتہ روز لائن آف کنٹرول کے سیکٹر نیزا پیر کے مختلف گاؤں میں بھارتی فوج کی بلااشتعال شیلنگ سے ایک ہی گھر کے 3 افراد شہید اور 8 زخمی ہوگئے تھے۔

ضلع حویلی کے ڈپٹی کمشنر کے دفتر کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ افسر محمد ظہیر نے بتایا تھا کہ 'شہید و زخمی تمام افراد نیزہ پیر سیکٹر کے مختلف گاؤں سے تعلق رکھتے ہیں جہاں دوپہر ساڑھے 12 بجے شیلنگ کے سلسلے کا آغاز ہوا جو 5 بجے تک بغیر وقفے کے جاری رہا'۔

پاکستان نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو آج دفتر خارجہ طلب کر کے بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ پر احتجاج ریکارڈ کروایا تھا۔

ایل او سی پر جنگ بندی کے لیے 2003 میں پاکستان اور بھارتی افواج کی جانب سے ایک معاہدے پر دستخط کیے گئے تھے تاہم اس کے باوجود جنگ بندی کی خلاف ورزی کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔

حکام کے مطابق رواں برس ایل او سی پر بھارتی فوج کی جارحیت کے نتیجے میں آزاد جموں و کشمیر میں 47 افراد شہید اور 236 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔

Read Comments