Dawn News Television

شائع 17 اکتوبر 2019 07:37pm

کیٹ مڈلٹن کے پاکستانی لباس کے ساتھ چھکے چوکے

برطانوی شہزادی کیتھرائن کیٹ مڈلٹن نے اپنے پہلے تاریخی پانچ روزہ دورے کے چوتھے دن پاکستانی لباس میں پنجاب کے دارالحکومت لاہور کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی پہنچ کر کرکٹ کھیلی اور انہوں نے چھکے، چوکے لگانے کی ناکام کوشش کی۔

کیٹ مڈلٹن اور ان کے شوہر شہزادہ ولیم 3 دن قبل 14 اکتوبر کی شب کو 5 روزہ تاریخی دورے پر پاکستان پہنچیں تھیں۔

اگرچہ کیٹ مڈلٹن نے پاکستان آمد کے وقت برطانوی ڈیزائنر کا لباس پہنا تھا، تاہم انہوں نے اگلے ہی روز پاکستانی ڈیزائنر ماہین خان کا تیار کردہ نیلا لباس پہن کر پاکستانیوں کے دل جیتے تھے۔

برطانوی شاہی جوڑا چوتھے روز لاہور پہنچا— فوٹو: رائٹرز

کیٹ مڈلٹن نے ماہین خان کا لباس پہن کر اسلام آباد کے سرکاری اسکول کا دورہ کیا تھا اور بعد ازاں وہ شوہر کے ہمراہ وزیر اعظم ہاؤس اور ایوان صدر بھی گئی تھیں۔

شاہی جوڑے نے دوسرے روز اسلام آباد میں ہی برطانوی ہائی کمیشن کی جانب سے دیے گئے عشائیے میں بھی شرکت کی تھی اور اس عشائیے میں شہزادہ ولیم نے بھی پاکستانی ڈیزائن نعمان عارفین کی تیار کردہ شیروانی پہنی تھی۔

کیٹ مڈلٹن نے کرکٹ بھی کھیلی—فوٹو: اے پی

شہزادہ ولیم نے قومی پرچم کے رنگ سے مشابہہ شیروانی پہنی تھی اور اس دوران کیٹ مڈلٹن نے بھی پاکستان کے قومی پرچم کے رنگ سے مشابہہ لباس پہنا تھا، تاہم ان کا لباس برطانوی ڈیزائنر نے تیار کیا تھا۔

شاہی جوڑا تیسرے روز چترال پہنچا تھا اور وہاں بھی دونوں مشرقی طرز کے لباس سمیت دیگر لباس میں دکھائی دیے۔

ایس او ایس اولیج کے دورے کے دوران شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ بچوں کے ساتھ گھل مل گئے— فوٹو: رائٹرز

شاہی جوڑ دورے کے چوتھے روز لاہور پہنچا، جہاں گورنر پنجاب چوہدری سرور اور وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے برطانوی جوڑے کا استقبال کیا، اس موقع پر بچوں نے شاہی مہمانوں کو گلدستے پیش کیے۔

لاہور آمد کے موقع پر شہزادی کیٹ مڈلٹن نے سفید رنگ کا پاکستان لباس پہن رکھا تھا اور وہ فوری طور پر لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گئیں۔

شاہی جوڑا نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ بھی گھل مل گیا—فوٹو: اے پی

شہزادی کیٹ مڈلٹن کی جانب سے پہنا گیا سفید رنگ کا لباس پاکستانی فیشن ہاؤس ’آئڈیاز: گل احمد‘ کا تیار کردہ تھا۔

کیٹ مڈلٹن کے لباس کا ڈیزائن انتہائی سادہ رکھا گیا تھا اور انہوں نے لباس کی مناسبت سے جوتے بھی پہن رکھے تھے۔

کیٹ مڈلٹن کے لباس کی تعریف کی گئی—فوٹو: ٹوئٹر

لاہور دورے کے موقع پر شہزادہ ولیم نے بھی دیدہ زیب لباس پہن رکھا تھا، شاہی جوڑا لاہور کے ایس او ایس ولیج بھی گیا، جہاں وہ بچوں سے گھل مل گئے۔

کیٹ مڈلٹن کا سفید لباس ماضی میں ان کی ساس لیڈی ڈیانا کی جانب سے لاہور کے دورے کے موقع پر پہنے گئے لباس سے مشابہہ تھا۔

لیڈی ڈیانا نے بھی لاہور کے دورے کے موقع پر مقامی ڈیزائنر رضوان بیگ کا تیار کردہ لباس پہنا تھا۔

Read Comments