Dawn News Television

شائع 22 اکتوبر 2019 04:46pm

نادیہ حسین کے بعد فرحان سعید کا فیس بک اکاؤنٹ ہیک

گزشتہ ماہ 30 ستمبر کو اداکارہ، ماڈل و بیوٹیشن نادیہ حسین نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے بتایا تھا کہ ان کا فیس بک فین پیج ہیک کرلیا گیا۔

اداکارہ کے فین پیج اکاؤنٹ کو ہیک کرنے کے بعد اس پر قابل اعتراض تصاویر پوسٹ کردی گئی تھیں، جس کے بعد اداکارہ نے اپنے مداحوں سے ہیک ہونے والے پیج کے خلاف رپورٹ کرنے کا کہا تھا۔

اور اب معروف اداکار و گلوکار فرحان سعید کے فیس بک اکاؤنٹ کو بھی ہیک کرلیا گیا۔

گلوکار نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ پر مداحوں کو آگاہ کیا کہ گزشتہ روز سے ان کا ذاتی اور پروفیشنل فیس بک اکاؤنٹ ہیک کرلیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: نادیہ حسین کا فیس بک اکاؤنٹ ہیک، نازیبا تصاویر شیئر کردی گئیں

فرحان سعید نے انسٹاگرام پوسٹ میں بتایا کہ گزشتہ روز سے نامعلوم ہیکرز نے ان کے دونوں فیس بک اکاؤنٹ ہیک کرلیے، جس وجہ سے وہ پریشان ہیں۔

انہوں نے مداحوں کو ہیک ہونے والے اکاؤنٹ کے خلاف رپورٹ کرنے کا بھی کہا۔

ساتھ ہی فرحان سعید نے ہیکرز کو بھی اہم پیغام دیا اور کہا کہ ان کے لیے کسی کا اکاؤنٹ ہیک کرنا ایک مذاق یا تفریح ہوسکتی ہے لیکن بطور گلوکار ان کے اکاؤنٹس ہیک ہوجانا ان کے لیے مسئلہ ہے۔

فرحان سعید کا کہنا تھا کہ ایک گلوکار کے لیے فیس بک مداحوں سے روابط کا ذریعہ ہوتا ہے۔

تاہم اچھی بات یہ ہے کہ فرحان سعید کے فیس بک اکاؤنٹ پر کوئی نازیبا مواد شیئر نہیں کیا گیا۔

Read Comments