Dawn News Television

اپ ڈیٹ 23 اکتوبر 2019 10:46am

زبردستی بوسہ دینے کی ویڈیو شیئر کرنے پر بھارتی شو تنقید کی زد میں

بھارتی گلوکارہ نیہا ککڑ کا شمار بولی وڈ کی بہترین گلوکاراؤں میں کیا جاتا ہے جو کئی کامیاب گانوں پر پرفارم کرنے کے ساتھ ساتھ کئی بڑے شوز کی جج بھی بنتی آرہی ہیں۔

ایسا ہی ایک شو انڈین آئڈل ہے، جہاں نئے گلوکاروں کے لیے مقابلہ رکھا جاتا، یہ میوزیکل شو بھارت میں بےحد مقبول ہے اور ہر شہر سے ابھرتے ہوئے گلوکار اس مقابلے میں حصہ لیتے۔

تاہم کئی دنوں سے اس شو کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جس کی وجہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو ہے۔

بھارتی چینل سونی ٹی وی نے حال ہی میں اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اس شو کا ایک ٹیزر ریلیز کیا، جس میں مقابلے میں حصہ لینے والے گلوکاروں کو پرفارم کرتے دکھایا گیا۔

البتہ اس ٹیزر کے آخر میں ایک گلوکار کو شو کی جج نیہا ککڑ کو زبردستی بوسہ دے کر ان کے گلے لگتے ہوئے دکھایا گیا، جس کے بعد نیہا ککڑ شرمندہ ہوگئیں جبکہ شو میں موجود باقی تمام ججز گلوکار ویشال دھدلانی، انو ملک اور ادتیہ نرائن اس موقع پر حیران رہ گئے۔

ویڈیو میں دکھایا گیا کہ انڈین آئڈل 11 شو کے دوران ایک گلوکار نے اسٹیج پر نیہا ککڑ کو تحفہ دے کر شادی کی پیشکش کردی۔

نیہا ککڑ نے گلوکار کا تحفہ قبول کرتے ہوئے آگے بڑھ کر انہیں گلے لگانا چاہا، جس کے بعد گلوکار نے نیہا سے اجازت لیے بغیر ان کے گال پر زبردستی بوسہ دے دیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس موقع پر اسٹیج پر موجود ادیتہ نرائن نے اس گلوکار کو روکنے کی کوشش بھی کی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اس گلوکار کو شدید تنقید کا نشانہ بنانے کے ساتھ ساتھ شو پر بھی تنقید کی جارہی ہے۔

ایک صارف نے چینل اور گلوکار پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ 'ہر چیز کی ایک حد ہونی چاہیے اور سونی چینل کو ویڈیو کا یہ حصہ ہٹا دینا چاہیے تھا'۔

ایک اور صارف نے شو میں موجود موسیقار ویشال دھدلانی کو ٹوئٹ کرکے سوال کیا کہ انہوں نے اس گلوکار کو روکنے کے لیے کچھ کیا کیوں نہیں؟

جس کے بعد موسیقار ویشال دھدلانی نے اس ٹوئٹ کا جواب دیتے ہوئے لکھا کہ 'میں نے مشورہ دیا تھا کہ پولیس کو بلانا چاہیے، لیکن نیہا نے فیصلہ کیا کہ اس گلوکار کو بھیج دیں، اس لڑکے کو نفسیاتی ڈاکٹر کی ضرورت ہے اور ہم اگر اس کی مدد کرسکیں تو ضرور کریں گے'۔

گلوکارہ نیہا ککڑ نے خود اب تک اس حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ نیہا ککڑ نے خود اپنے کیریئر کا آغاز انڈین آئڈل سیزن 2 میں حصہ لے کر کیا تھا، جس کے بعد وہ اپنا البم 'نیہا دی راک اسٹار' سامنے لائیں تھی۔

وہ انڈین آئڈل سیزن 10 کی جج بنی تھیں جبکہ نئے شروع ہونے والے سیزن 11 میں بھی وہ جج کے فرائض انجام دے رہی ہیں۔

Read Comments