Dawn News Television

اپ ڈیٹ 03 نومبر 2019 04:33pm

فرانس: ٹرک میں چھپ کر ملک میں داخل ہونے والے 31 پاکستانی گرفتار

نیس: فرانس کے جنوبی شہر میں پولیس نے ٹرک میں چھپ کر ملک میں داخل ہونے والے 31 پاکستانی کو گرفتار کرلیا۔

ڈان اخبار میں شائع خبررساں ادارے 'اے ایف پی'کی رپورٹ کے مطابق پراسیکیوٹرز نے بتایا کہ ٹرک کے ڈرائیور کا تعلق بھی پاکستان سے تھا جسے حراست میں لے لیا گیا ہے۔

فرانسیسی پراسیکیوٹرز نے بتایا کہ اطالوی سرحد کے قریب موٹر وے پر معمول کی چیکنگ کے دوران 31 پاکستانی تارکین وطن کو برآمد کیا گیا۔

تارکین وطن میں 3 نابالغ افراد بھی شامل ہیں تاہم امیگریشن قوانین کے تحت تمام تارکین وطن کو اطالوی حکام کے حوالے کردیا گیا۔

مزید پڑھیں: لندن: ٹرک سے 39 افراد کی لاشیں برآمد، مشتبہ شخص گرفتار

فرانس کے جنوب مشرقی شہر نیس کے پراسیکیوٹر آفس نے کہا کہ 'ہم انسانی اسمگلنگ کے نیٹ ورک کا سراغ لگانے کی کوشش کریں گے جیسا کہ ہم عموماً ایسے کیسز میں کرتے ہیں'۔

اس سے قبل گزشتہ ماہ برطانیہ کی پولیس نے لندن کے مشرقی علاقے میں واقع انڈسٹریل اسٹیٹ میں ایک ٹرک سے 39 افراد کی لاشیں برآمد کرنے کے بعد مشتبہ ڈرائیور کو حراست میں لے لیا تھا۔

برطانوی پولیس کا کہنا تھا کہ ٹرک بلغاریہ سے روانہ ہوا اور ویلز کے علاقے ہولی ہیڈ کے راستے برطانیہ میں داخل ہوا۔

واقعے کی ابتدائی تحقیقات کے دوران پولیس نے بتایا تھا کہ بندرگاہ کے نزدیک کنٹینر ٹرک سے ملنے والے تمام 39 افراد کی لاشوں کا تعلق چین سے تھا۔

Read Comments