Dawn News Television

شائع 10 نومبر 2019 07:47pm

اسکاچ ٹیپ کے سرے کو تلاش کیسے کریں؟

گھر ہو یا دفتر بیشتر افراد کسی کاغذ کو جوڑنے یا کسی بھی مقصد کے لیے وائٹ اسکاچ ٹیپ کا استعمال کرتے ہیں۔

درحقیقت یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ چھوٹے موٹے کاموں کے لیے تو یہ دنیا کی مقبول ترین ٹیپ ہے مگر جب بھی کوئی اسے استعمال کرنے لگتا ہے تو ایک مسئلے کا سامنا بھی لگ بھگ ہر ایک کو ہوتا ہے۔

اور وہ ہے اس ٹیب کا سرا تلاش کرنا جو لگتا ہے کہ کہیں گم ہوگیا ہے اور چند منٹ تو اسے ڈھونڈنے میں ہی لگ جاتے ہیں جبکہ ذہنی جھنجھلاہٹ الگ ہوتی ہے۔

مگر اچھی بات یہ ہے کہ اس مشکل کے آسان حل موجود ہیں بلکہ اس سے بچنا تو اس بھی زیادہ آسان ہے۔

ذہن استعمال کریں

سب سے پہلے تو ٹیپ کو اٹھا کر ہاتھوں میں آہستگی سے گھمانا شروع کریں اور بہت باریک بینی سے ہر انچ کا جائزہ لیں، اس ٹیپ کا سرا پتلا اور لگ بھگ شفاف رنگت میں غائب ہوچکا ہوتا ہے، مگر وہ ٹیپ رول کے باقی حصے کے مقابلے میں کچھ گہری رنگت کا ہوتا ہے۔ اگر ناکامی کا سامنا ہو تو تو پھر غور کریں گے ٹیپ کس مقام پر ہموار نہیں۔

انگلی سے مدد لیں

ٹیپ کے رول کے کونے پر اپنی انگلی کے ناخن کو رکھ کر اسے گولائی میں بڑھانا شروع کریں اور جہاں ٹیپ کا سرا آئے گا، وہاں کچھ موٹائی یا اونچائی انگلی کو محسوس ہوجائے گی، تاہم ایک طرف سے ناکامی ہو تو دوسرے کونے سے یہ کام کرکے کامیابی ممکن ہے۔

اگر ناخن چھوٹا ہو تو یہ کام چھری کے سرے سے بھی لیا جاسکتا ہے، ٹوتھ پک، چابی یا پیپ کلپ سے بھی مدد مل سکتی ہے۔

چاک بھی مددگار

چاک کے سفوف کو بھی اس مقصد کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے، بس آٹے، چاک یا بیکنگ پاﺅڈر وغیرہ کو ٹیپ کے کونوں والے حصے میں چھڑکیں تو وہ سفوف چپکنے والے حصے میں جاکر چپک کر نمایاں ہوجائے گا۔

سرے کو فولڈ کرلیں

اگر اکثر اس مسئلے کا سامنا ہوتا ہے تو ٹیپ استعمال کرنے کے بعد سرے پر ایک سے 2 سینٹی میٹر ٹیپ کو فولڈ کرلیں، تاکہ وہ حصہ اٹھا رہے اور آئندہ سرے کو تلاش کرنے کی زحمت ہی نہ کرنی پڑے۔

کاغذ سے مدد لیں

ٹیپ کے سرے کے نیچے ایک چھوٹا سا کاغذ چپکا دیں تاکہ اگلی بار ٹیپ کو استعمال کرنے سے پہلے آپ کو معلوم ہوجائے گا کہ سرا کہاں ہے۔

Read Comments