نمک دنیا بھر میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والی اشیاءمیں سے ایک ہے اور کھانے کا ذائقہ اس کے بغیر اچھا نہیں لگتا۔

یہ بہت مہنگا تو نہیں مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ کھانے میں شامل کرنے سے ہٹ کر بھی اسے مختلف طریقوں سے استعمال کرکے زندگی کو آسان بنایا جاسکتا ہے؟

جی ہاں واقعی اس کے ایسے متعدد فوائد ہیں جو ہوسکتا ہے آپ کو معلوم بھی نہ ہو۔

یہاں آپ نمک کے چند حیران کن طریقہ کار جان سکیں گے۔

دانتوں کو جگمگائے

اگر دانتوں پر داغ دھبوں سے پریشان ہیں تو گیلے برش کو ٹیبل سالٹ پر لگا کر نرمی سے دانتوں کی صفائی کریں یا پیسٹ لگانے کے بعد اس پر تھوڑا سا نمک چھڑک کر دانتوں کی صفائی کریں، یہ ٹوٹکا دانتوں کے داغ صاف کرکے ان کو سفید کرتا ہے۔ ایسا راتوں رات نہیں ہوتا مگر کچھ دن تک اس کو آزمائیں اور پھر نتیجہ دیکھیں۔

پرانے کپڑوں کی اصل رنگت واپس لائیں

اگر کسی پرانے مگر پسندیدہ لباس کی رنگت اڑنے لگی ہے تو اسے ایک بار پھر نیا جیسا بنانے کے لیے نمک سے مدد لیں، ان کپڑوں کو نمک ملے پانی میں ڈبو دیں یا واشنگ مشین میں چوتھائی کپ نمک کا اضافہ کردیں، نتیجہ آپ کو حیران کردے گا۔

جلد کو صحت مند بنائے

نمک خشک جلد کی نگہداشت کے لیے اچھا متبادل ثابت ہوسکتا ہے، جو مردہ جلد کو ہٹاتا ہے جبکہ خون کی گردش بڑھاتا ہے۔ اس مقصد کے لیے نہانے کے بعد جلد (گیلی) پر نمک کو لگا کر مساج کریں، سمندری نمک زیادہ بہتر نتائج فراہم کرے گا۔

خراب انڈے کی شناخت

ویسے تو انڈے اندر سے ٹھیک ہیں یا کراب، یہ دیکھ کر جاننا ممکن نہیں، تو اس کا ایک آسان نمک ملا پانی ہے۔ 2 کھانے کے چمچ نمک کو ایک کپ یا جگ پانی میں مکس کریں اور اس میں انڈا ڈال دیں، اگر وہ ڈوب جائے تو اس کا مطلب ہے کہ وہ ٹھیک ہے، اگر وہ تیرنے لگے تو اسے کھانے سے گریز کریں۔

بالوں کی خشکی سے نجات

بالوں میں خشکی سے پریشان ہیں تو نہانے کے دوران شیمپو لگانے سے قبل کچھ مقدار میں نمک کو سر پر چھڑک کر 5 منٹ تک مالش کریں اور پھر شیمپو لگاکر سر دھولیں، یہ خشکی دور کرنے کے ساتھ ساتھ بالوں کی نشوونما بہتر کرے گا جبکہ ان کی مضبوطی بھی بڑھائے گا۔

گلے کی خراش سے نجات

ایک گلاس پانی میں نمک کو ملائیں اور 30 سیکنڈ سے ایک منٹ تک غرارے کریں، آپ دیکھ کر دنگ رہ جائیں گے کہ گلے کی خراب دور کرنے کے لیے یہ کتنا مفید ٹوٹکا ہے۔

مچھروں کے کاٹنے سے ہونے والی جلن سے ریلیف

اگر مچھر کے کاٹنے سے جلن ہورہی ہے تو اپنی انگلی کی پور کو پانی سے نم کریں اور نمک میں ڈبو دیں، اب اس مکسچر کو متاثرہ حصے میں رگڑیں، آپ کو ریلیف محسوس ہونے لگے گا۔

تانبے کی اشیاءکو جگمگائیں

تانبے کے برتنوں کی چمک بحال کرنا چاہتے ہیں؟ تو نمک کو سرکے اور آٹے میں مکس کریں یا اسے لیموں کے عرق میں شامل کرکے برتنوں پر رگڑیں۔

تیل کی چھینٹوں کو روکیں

فرائنگ پین میں کسی چیز جیسے مچھلی کو تلنے سے پہلے کچھ مقدار میں نمک کو چھڑک دیں، اس سے گرم تیل کی چھینٹیں مچھلی کو فرائنگ پین میں ڈالنے پر اچھلیں گی نہیں۔

جوتوں کی بو دور کریں

اگر جوتوں میں بدبو پیدا ہوگئی ہے تو اسے دور کرنے کے لیے کپڑے میں نمک بھر کر لپیٹ لیں، اور کچھ گھنٹوں کے لیے چھوڑ دیں۔ آپ محسوس کریں گے کہ بو غائب ہوگئی ہے۔ اس کے علاوہ آپ جوتوں کے اندر نمک چھڑک دیں اور پھر جوتوں کو ہلائیں، اس کے بعد نمک کو نکال دیں۔

چیونٹیوں سے نجات

چیونٹیوں سے نجات کے لیے نمک اور پانی کو 1:4 کے تناسب سے بوتل میں ملائیں، اس سلوشن کو ہر اس جگہ چھڑک دیں جہاں چیونٹیوں کی بھرمار ہو یا بس نمک ہی متاثرہ حصے پر چھڑک دیں، وہ بھی کارآمد ہوتا ہے۔

سبزیوں اور پھلوں کو براﺅن سے بچائیں

پھل اور سبزیاں کٹ جانے کے بعد جلد براﺅن ہوجاتی ہیں، اس سے بچنے کے لیے ایک برتن میں کھارا پانی بھر کر پھل یا سبزی کو اس میں ڈبو دیں۔

لہسن اور پیاز کی بو ہاتھوں سے دور کریں

لہسن اور پیاز کاٹنے پر ہاتھوں میں بو بس جاتی ہے، تاہم اس کا حل کافی آسان ہے، اپنے ہاتھوں کو گیلا کریں اور نمک کی کچھ مقدار کو کسی سپاٹ جگہ پر چھڑک کر اپنے ہاتھ اس سے رگڑیں اور پھر دھولیں۔

ائیر فریشنر بنائیں

اس مقصد کے لیے آدھے سے ایک کپ نمک اور بیس سے تیس قطرے کسی خوشبودار تیل یا گلاب کی پتیاں چاہیے ہوں گی۔ اب یہ اشیاءکسی برتن یا جار میں ڈالیں اور چھوڑ دیں، اس سے گھر میں ایک بھینی مہک پھیل جائے گی۔

اچانک بھڑکنے والی آگ کو بجھائیں

یہ طریقہ کار عام طور پر چولہے کے اچانک بھڑکنے سے پیدا ہونے والے شعلوں کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے، ان شعلوں پر نمک چھڑک دیں جس سے آکسیجن کی روانی کٹ جائے گی اور شعلے بجھ جائیں گے۔

استری کی صفائی

اگر استری کے نیچے کوئی کپڑا جل کر چپک گیا ہے تو استری کو تیز ترین درجہ حرارت پر چلائیں اور ایک بھورے پیپر کے ٹکڑے پر نمک چھڑک کر گرم استری اس پر چلائیں۔

سنک کی صفائی

لیموں کے عرق اور نمک کو ملا کر ایک پیسٹ بنائیں اور اس سے اسٹین لیس اسٹٰل کو چمکائیں، یہ پیسٹ کیمیکل کلینرز سے بھی زیادہ بہتر کام کرتا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں