Dawn News Television

اپ ڈیٹ 14 نومبر 2019 05:33pm

شفالی ورما نے ٹنڈولکر کا کئی سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا

نوجوان بھارتی ویمن کرکٹر شفالی ورما انٹرنیشنل کرکٹ میں ڈیبیو کے بعد سے نت نئے ریکارڈ بناتی جا رہی ہیں اور اب انہوں نے ایک تاریخ رقم کرتے ہوئے سابق عظیم کرکٹر سچن ٹنڈولکر کو ریکارڈ سے محروم کردیا تھا۔

15سالہ شفالی ورما نے رواں سال ستمبر میں بھارت کے لیے انٹرنیشنل ڈیبیو کیا تھا اور اس کے بعد سے وہ اپنی مکمل کارکردگی کی بدولت مستقل خبروں میں ہیں۔

اب شفالی نے تاریخ رقم کرتے ہوئے ٹنڈولکر کا ریکارڈ اپنے کر لیا جو انہوں نے کئی سالوں قبل اپنے نام کیا تھا۔

شفالی ورما نے ویسٹ انڈیز کے خلاف نصف سنچری اسکور کر کے یہ اعزاز حاصل کیا اور بھارت کی جانب سے انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے کم عمر میں نصف سنچری اسکور کرنے والی کرکٹر بن گئیں۔

اس سے قبل یہ اعزاز ٹنڈولکر کے پاس تھا جنہوں نے 16سال اور 214 دن میں یہ ریکارڈ قائم کیا تھا لیکن شفالی نے صرف 15سال 268دن کے عرصے نصف سنچری بنا کر ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔

ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ میں انہوں نے 49گیندوں پر 6 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 73رنز کی اننگز کھیلی۔

ان کی اس اننگز کی بدولت بھارتی ویمن ٹیم نے ویسٹ انڈیز کو باآسانی 84رنز سے شکست دے دی۔

Read Comments