Dawn News Television

اپ ڈیٹ 06 دسمبر 2019 03:49pm

شاہدہ عباسی نے ساؤتھ ایشین گیمز میں پاکستان کو پہلا گولڈ میڈل جتوا دیا

پاکستان نے شاہدہ عباسی کی عمدہ کارکردگی کی بدولت 13ویں ساؤتھ ایشین گیمز میں پہلا گولڈ میڈل جیتنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

13ویں ساؤتھ ایشین گیمز کے مقابلے نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو میں جاری ہیں اور پاکستان کی والی بال ٹیم کے فائنل میں پہنچنے کے ساتھ ہی شاہدہ عباسی نے کراٹے کے مقابلوں میں کامیابی حاصل کر کے پاکستان کو پہلا گولڈ میڈل دلا دیا۔

ساؤتھ ایشین گیمز میں 7 ملکوں کی ٹیمیں شریک ہیں جہاں میزبان نیپال 4 گولڈ میڈل سمیت 6 تمغے جیت کر سرفہرست ہے۔

ایونٹ کی افتتاحی تقریب میں شوٹر گلفام جوزف نے پاکستانی پرچم تھام کر قومی دستے کی قیادت کی۔

کاتے کراٹے کے مقابلوں میں پاکستان کی شاہدہ عباسی نے گولڈ میڈل جیت کر قوم کا سر فخر سے بلند کردیا اور نیپالی حریف کے خلاف میچ میں باآسانی 25-42 کے اسکور سے کامیابی حاصل کی۔

پاکستان کی ٹیم والی بال مقابلوں کے فائنل میں بھارت کے مدمقابل ہو گی— فوٹو شکریہ ساؤتھ ایشین گیمز

اس کے ساتھ ساتھ کاتا کراٹے کی مردوں کی انفرادی کیٹیگری میں پاکستان کے نیامت اللہ نے چاندی کا تمغہ جیتنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

پاکستان کی ٹیم اب تک ایونٹ میں 1 سونے، 4 چاندی اور ایک کانسی کے تمغوں سمیت 4 میڈل جیت چکی ہے۔

ایونٹ میں پاکستان کا ایک اور میڈل یقینی ہے جہاں والی بال کے مقابلوں میں پاکستان کی ٹیم کا مقابلہ منگل کو بھارت سے ہو گا۔

ساؤتھ ایشین گیمز میں 7 سونے، 7 چاندی اور 14 کانسی کے تمغوں کے لیے 7 ملکوں کے 94 کھلاڑی مدمقابل ہیں۔

Read Comments