’گوگل‘ بنانے والے افراد اپنی ہی کمپنی سے خود الگ ہوگئے
انٹرنیٹ ٹیکنالوجی کی دنیا کی سب سے بڑی کمپنی ’الفابیٹ‘ جو کہ سرچ انجن گوگل سمیت یوٹیوب، جی میل اور اینڈرائڈ آپریٹنگ سسٹم کی فاؤنڈر کمپنی ہے، اس کے سربراہ اپنے عہدوں سے رضاکارانہ طور پر الگ ہوگئے۔
’الفابیٹ‘ کمپنی کی تشکیل 2015 میں کی گئی تھی جب کہ اسی کمپنی کے سب سے معروف اور بڑے برانڈ ’گوگل‘ کو 1998 میں بنایا گیا تھا۔
گوگل سرچ انجن کو بنانے والے 46 سالہ سرگی برن اور لیری پیج نے رضاکارانہ طور پر اپنے عہدوں سے استعفیٰ دے کر سب کو حیران کردیا۔
اب لیری پیج اور سرگی برن گوگل کی فادر کمپنی ’الفابیٹ‘ کے چیف ایگزیکٹو افسر (سی ای او) اور صدر نہیں رہے ہیں اور ان کی جگہ گوگل کے سی ای او بھارتی نژاد امریکی ٹیکنالوجسٹ سندر پچائی ان کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔
گوگل کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں سرگی برن اور لیری پیج نے اعلان کیا کہ وہ اپنے عہدوں سے رضاکارانہ طور کمپنی کے بہتر مفاد میں الگ ہو رہے ہیں۔