Dawn News Television

شائع 16 دسمبر 2019 07:09pm

وزیراعظم کو بحرین کے اعلیٰ ترین سول ایوارڈ سے نواز دیا گیا

منامہ: وزیر اعظم عمران خان کو بحرین کے شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ نے بحرین کے اعلیٰ ترین سول ایوارڈ سے نواز دیا۔

اس حوالے سے تقریب پیر کو منامہ میں سخیر محل میں منعقد ہوئی۔

وزیر اعظم کی سخیر محل آمد پر شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ نے ان کا استقبال کیا۔

قبل ازیں وزیراعظم عمران خان، بحرین کے فرمانروا حمد بن عیسیٰ الخلیفہ کی دعوت پر ان کے قومی دن کی تقریبات میں بطور مہمان خصوصی شرکت کے لیے بحرین پہنچے تھے۔

سرکاری نشریاتی ادارے نے رپورٹ کیا کہ بحرین پہنچنے پر بحرین کے ولی عہد سلمان بن حمد الخلیفہ نے ان کا استقبال کیا۔

مزید پڑھیں: 'وزیراعظم عمران خان کو بحرین کے اعلیٰ ترین سول ایوارڈ سے نوازا جائے گا'

بعد ازاں وزیراعظم مانامہ کے الغدیبیہ کے شاہی محل پہنچے جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا، اس موقع پر دونوں رہنماؤں کی باضابطہ ملاقات ہوئی۔

ملاقات میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے بیرون ملک مقیم پاکستانی ذوالفقار بخاری بھی موجود تھے۔

دونوں رہنماؤں کی اس ملاقات میں دونوں ممالک کے 2 طرفہ تعلقات پر سمیت علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

واضح رہے کہ وزیراعظم کا منصب سنبھالنے کے بعد عمران خان کا یہ پہلا دورہ بحرین ہے، جس میں وہ بحرین کے قومی دن کی تقریبات میں بطور مہمان خصوصی شریک ہوں گے۔

قبل ازیں ذرائع نے بتایا تھا کہ وزیراعظم کے ہمراہ معاون خصوصی برائے بیرون ملک مقیم پاکستانی ذوالفقار بخاری ساتھ ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم کی سعودی ولی عہد سے ملاقات، دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

واضح رہے کہ عمران خان نے اس سے قبل سعودی عرب کا ایک روزہ دورہ بھی کیا تھا، جہاں انہوں نے سعودی عرب کی اعلیٰ قیادت سے ملاقات کی تھی۔

یاد رہے کہ ایک ہفتے قبل عرب نیوز کو وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے بتایا تھا کہ اس دورے میں عمران خان کو بحرین کا اعلیٰ ترین سول ایوارڈ دیا جائے گا۔

ذوالفقار بخاری نے کہا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کو بحرین کے اعلیٰ ترین سول ایوارڈ کنگ حمد آرڈر آف رینیسنس سے نوازا جائے گا۔

Read Comments