Dawn News Television

شائع 16 دسمبر 2019 11:26pm

پیو ڈی پائی کا یوٹیوب سے دوری کا اعلان

دنیا کے مقبول ترین یوٹیوبر پیو ڈی پائی نے گوگل کی ویڈیو شیئرنگ سائٹ سے دوری اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

سوئیڈن سے تعلق رکھنے والے فیلکس اروید الف کجیلبرگ المعروف پیو ڈی پائی نے ایک ویڈیو میں اعلان کیا کہ وہ اگلے سال یوٹیوب سے دور رہنے کا فیصلہ کرچکے ہیں۔

یوٹیوب کے سب سے بڑے کریٹیر کے طور پر معروف پیو ڈی پائی کا کہنا ہے کہ وہ تھکاوٹ محسوس کررہے ہیں اور اگلے سال یوٹیوب سے وقفہ لے رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا 'میں اگلے سال یوٹیوب سے وقفہ لے رہا ہوں، میں یہ پہلے ہی بتا دینا چاہتا ہوں تاکہ آپ اپنا ذہن بنالیں، میں تھک چکا ہوں، اور بہت زیادہ تھکاوٹ محسوس کررہا ہوں'۔

پیو ڈی پائی نے کہا کہ وہ اس حوالے مزید وضاحت بعد میں کریں گے مگر وہ اپنے مداحوں کو اس بارے میں تیار کرنا چاہتے ہیں۔

یوٹیوب پر ان کے چینیل کے سبسکرائبرز کی تعداد 10 کروڑ سے زائد ہے اور اس پلیٹ فارم پر 9 سال کے دوران وہ اس طرح کم از کم 2 بار وقفہ لے چکے ہیں۔

نومبر 2019 میں انہوں نے ایک جذباتی ویڈیو اپ لوڈ کرتے ہوئے یوٹیوب کی تھی جس میں کہا تھا کہ وہ اداسی محسوس کررہے ہیں اور ان کا تناﺅ ان کے ارگرد موجود لوگوں پر اثر کرنے لگا ہے، تو وہ اپنے روزانہ کے وی لوگز ختم کررہے ہیں۔

اب انہوں نے یہ اعلان اپنی ایک نئی ویڈیو میں کیا ہے جس میں انہوں نے گوگل کے پلیٹ فارم کی ہراساں کرنے کے حوالے سے نئی پالیسی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور یوٹیوب قوانین میں مسلسل تبدیلیاں بھی ان کی جانب سے دوری اختیار کرنے کی ایک وجہ ہے۔

حال ہی میں یوٹیوب نے اعلان کیا تھا کہ ہراساں کیے جانے کے واقعات ہماری برادری کو متاثر کررہے ہیں اور لوگ اپنے خیالات کو شیئر کرنے اور ایک دوسرے سے جڑنے سے گریز کررہے ہیں، مگر کمپنی پلیٹ فارم کو کھلا رکھنے کے لیے پرعزم ہے اور اس حوالے سے اقدامات کیے جائیں گے۔

اس سال پیو ڈی پائی کو ٹی سیریز نے پیچھے چھوڑ کر یوٹیوب کے نمبرون چینیل کا اعزاز اپنے نام کرلیا تھا جس کے سبسکرائبرز کی تعداد اب 12 کروڑ سے زائد ہوچکی ہے۔

Read Comments