Dawn News Television

اپ ڈیٹ 17 دسمبر 2019 11:24am

وزیراعظم پہلے عالمی پناہ گزین فورم کی مشترکہ صدارت کیلئے جینیوا پہنچ گئے

وزیراعظم عمران خان سوئٹزرلینڈ کے شہر جینیوا پہنچ گئے جہاں وہ پناہ گزینوں کے پہلے عالمی فورم کی مشترکہ صدارت کریں گے۔

جینیوا آمد پر اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل سفیر خلیل ہاشمی، سوئس حکومت کے نمائندوں اور اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے پناہ گزین نے وزیراعظم عمران خان کا استقبال کیا۔

اس موقع پر سوئٹزرلینڈ میں پاکستانی سفیر احمد ندیم وڑائچ اور ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن (ڈبلیو ٹی او) جینیوا میں پاکستانی مشن کے مستقل نمائندے ڈاکٹر محمد مجتبی پراچہ بھی موجود تھے۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم کو بحرین کے اعلیٰ ترین سول ایوارڈ سے نواز دیا گیا

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز سید ذوالفقار عباس بخاری اور سیکریٹری خارجہ سہیل محمود وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ موجود ہیں۔

عالمی پناہ گزین فورم، 21ویں صدی کا پہلا بڑا اجلاس ہے جس کی مشترکہ میزبانی اقوامِ متحدہ ہائی کمشنر برائے پناہ گزین (یو این ایچ سی آر) اور سوئٹزرلینڈ کی حکومت کررہے ہیں۔

پناہ گزینوں کے عالمی فورم میں وزیراعظم عمران خان افغان پناہ گزینوں سے متعلق پاکستان کے نقطہ نظر، تجربے اور کردار پر روشنی ڈالیں گے۔

عالمی پناہ گزین فورم کی مشترکہ صدارت کی دعوت پاکستان کی سخاوت، انسان دوست قیادت اور گزشتہ40 برس سے افغان بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ پاکستان کے عوام کی محبت کا اعتراف ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم کی سعودی ولی عہد سے ملاقات، دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان، بحرین کے فرمانروا حمد بن عیسیٰ الخلیفہ کی دعوت پر ان کے قومی دن کی تقریبات میں بطور مہمان خصوصی شرکت کے لیے بحرین پہنچے تھے۔

جہاں بحرین کے شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ نے وزیر اعظم عمران خان کو ببحرین کے اعلیٰ ترین سول ایوارڈ سے نوازا تھا۔

واضح رہے کہ عمران خان نے اس سے قبل سعودی عرب کا ایک روزہ دورہ بھی کیا تھا، جہاں انہوں نے سعودی عرب کی اعلیٰ قیادت سے ملاقات کی تھی۔

Read Comments