Dawn News Television

اپ ڈیٹ 18 دسمبر 2019 08:14pm

کسی قیمت پر ملک کو عدم استحکام کا شکار نہیں ہونے دیں گے، آرمی چیف

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ ملک دشمن قوتوں کو ناکام بنا کر ملک میں استحکام لائے ہیں اور کسی قیمت پر اسے عدم استحکام کا شکار نہیں ہونے دیں گے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج کے اسپیشل سروس گروپ (ایس ایس جی) ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا اور وہاں کمانڈوز سے ملاقات کی۔

اس موقع پر جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ 'ہم پاکستان کے خلاف کام کرنے والی تمام دشمن قوتوں کو ناکام بنا کر ملک میں استحکام لائے ہیں اور کسی قیمت پر اس استحکام کو خراب نہیں ہونے دیں گے۔'

ان کا کہنا تھا کہ 'ایس ایس جی کمانڈوز ہمارا فخر ہیں، قیام پاکستان سے اب تک ایس ایس جی کے بہادر افسران اور جوانوں نے ملکی دفاع کے لیے بے شمار خدمات سرانجام دی ہیں۔'

واضح رہے کہ پاک فوج، ملکی دفاع کے لیے جہاں ایک طرف اندرونی سطح پر امن و امان کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف سرگرم عمل ہے تو دوسری جانب بیرونی دشمن قوتوں کے خلاف بھی سیسہ پلائی دیوار کی حیثیت رکھتی ہے۔

گزشتہ چند سالوں میں افواج پاکستان کے کئی جوان دہشت گردوں سے مقابلے کے دوران جام شہادت نوش کر چکے ہیں، جبکہ ملکی سرحدوں کی حفاظت کے لیے بھی متعدد سپوتوں نے اپنی جانوں کی قربانی دی ہے۔

Read Comments