Dawn News Television

شائع 16 جنوری 2020 07:57pm

پاکستان میں ترک سفیر مصطفیٰ یرداکل پشاور زلمی کے فین نکلے

پاکستان سپر لیگ کے پانچویں سیزن سے قبل جہاں پاکستان میں کرکٹ شائقین پرجوش و جذبے پاکستان میں ایونٹ کے انعقاد کا انتظار کررہے ہیں وہیں غیر ملکی سفیر بھی ایونٹ میں اپنی دلچسپی کا اظہار کررہے ہیں۔

انہی میں سے برادر اسلامی ملک ترکی کے پاکستان میں سفیر مصطفیٰ یرداکل بھی ہیں جو پاکستان سپر لیگ کی مقبول ترین فرنچائز پشاور زلمی کے فین ہیں۔

معزز سفیر نے پشاور زلمی کی شرٹ کے تصاویر کھنچوا کر کرکٹ سے اپنی گہری دلچسپی اور پشاور زلمی سے لگاؤ کا اظہار کیا۔

مصطفیٰ یرداکل نے کہا کہ پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی کی ترکی کے صدر طیب اردوان سے ملاقات اور پشاور زلمی کی شرٹ زیب تن کر کے کھنچوائی گئی تصویر ترکی میں بہت مقبول ہوئی اور اس سے پی ایس ایل فرنچائز کو بھی ترکی میں شہرت ملی۔

اس سے قبل ترکی کے دو کرکٹرز کی پشاور زلمی اسکواڈ کے ساتھ موجودگی اور ٹریننگ نے بھی برادر اسلامی ملک میں کرکٹ کو فروغ دیا۔

مصطفیٰ یرداکل نے کہا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی میں پشاور زلمی کا کردار شاندار ہے۔

ترک سفیر نے پشاور زلمی اور پی ایس ایل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ رواں سال پی ایس ایل میچز دیکھنے کے لیے اسٹیڈیم ضرور آئیں گے۔

Read Comments