Dawn News Television

شائع 27 جنوری 2020 08:48pm

موٹرولا گلیکسی نوٹ جیسا فون متعارف کرانے کے لیے تیار

موٹرولا نے سام سنگ کے گلیکسی نوٹ جیسا اسمارٹ فون متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اسمارٹ فونز کی تفصیلات لیک کرنے کے حوالے معروف ٹوئٹر صارف ایون بلاس نے موٹرولا کے ایک نئے فون کی تصویر پوسٹ کی ہے جس کے ساتھ ایک اسٹائلوس بھی موجود ہے۔

یہ ایک دہائی بعد موٹرولا کا پہلا فون ہوگا جس میں اسمارٹ فون بھی دیا جارہا ہے۔

تصویر کے ساتھ اس کی تفصیلات تو نہیں بتائی گئیں مگر ہول پنچ سیلفی کیمرا اور انٹرفیس سے عندیہ ملتا ہے کہ یہ کمپنی کی حالیہ ڈیوائسز ون ایکشن کا حصہ ہوسکتا ہے۔

فون کے نیچے جیسپر بار سے اینڈرائیڈ 10 آپریٹنگ سسٹم کی موجودگی کا علم ہوتا ہے۔

ابھی یہ واضح نہیں کہ یہ فون کب تک متعارف ہوگا مگر اسپین کے شہر بارسلونا میں موبائل ورلڈ کانگریس آئندہ ماہ ہورہی ہے اور ہوسکتا ہے کہ یہ فون اس میں پیش کیا جائے۔

خیال رہے کہ موٹرولا کی جانب سے فونز کی فروخت کے لیے مختلف ڈیزائنز پر کام کیا جارہا ہے جس کی ایک مثال گزشتہ سال کے آخر میں پیش کیا جانے والا موٹو ریزر فولڈ ایبل فون بھی ہے۔

یہ بتانے کی ضرورت نہیں کہ موٹرولا کے فونز سام سنگ فونز کے مقابلے میں سستے ہوتے ہیں اور فیچرز کے لحاظ سے بھی مناسب ہوتے ہیں۔

Read Comments