Dawn News Television

اپ ڈیٹ 11 فروری 2020 08:40pm

نیوزی لینڈ کا بھارت کیخلاف ون ڈے سیریز میں کلین سوئپ

نیوزی لینڈ نے لوکیش راہل کی سنچری کے باوجود بھارت کو تیسرے ون ڈے میچ میں بھی شکست دے کر سیریز میں 0-3 سے کلین سوئپ مکمل کر لیا۔

ماؤنٹ مونگنوئی میں کھیلے گئے سیریز کے آخری ون ڈے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا اور ماینک اگروال کے ساتھ ساتھ کپتان ویرات کوہلی بھی صرف 9 رنز بنا کر چلتے بنے۔

اسکور 62 تک پہنچا تو وکٹوں کے درمیان غلط فہمی کے نتیجے میں بھارتی ٹیم تیسری وکٹ بھی گنوا بیٹھی اور پرتھوی شا 40 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

اس مرحلے پر شریاس آئیر کا ساتھ دینے ان فارم لوکیش راہل آئے اور دونوں نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے چوتھی وکٹ کے لیے 100 رنز جوڑے، آئیر 62 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

دوسرے اینڈ سے لوکیش راہل نے عمدہ کھیل کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے نئے بلے باز منیش پانڈے کے ہمراہ مزید 107 رنز جوڑ کر بھارت کی معقول مجموعے تک رسائی میں اہم کردار ادا کیا۔

ان فارم بلے باز نے 2 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 112 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

اختتامی اوورز میں نیوزی لینڈ کے باؤلرز نے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کیا جس کے سبب بھارتی بلے باز تیزی سے رنز نہ بنا سکے اور مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 296 رنز اسکور کیے، منیش پانڈے نے 48 رنز بنائے۔

ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کے اوپنرز مارٹن گپٹل اور ہنری نکولس نے نصف سنچریاں اسکور کر کے اپنی ٹیم کو 106رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا، گپٹل 4 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 66 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

کپتان کین ولیمسن اور نکولس نے دوسری وکٹ کے لیے 53 رنز جوڑے جس کے بعد ولیمسن کی 22 رنز کی اننگز اختتام کو پہنچی۔

روس ٹیلر اور 80 رنز بنانے والے نکولس نے اسکور کو 189 تک پہنچایا لیکن اس مرحلے پر دونوں بلے باز یکے بعد دیگرے پویلین لوٹ گئے جس سے بھارت کو میچ میں واپسی کا موقع ملا۔

بھارت کو جلد ہی جمی نیشام کی وکٹ بھی مل گئی جس سے میچ میں بھارت کی فتح کے امکانات روشن ہو گئے لیکن کولن ڈی گرینڈ ہوم نے جارحانہ اننگز کھیل کر میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔

گرینڈ ہوم نے 28 گیندوں پر 3 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 58 رنز کی اننگز کھیلنے کے ساتھ ساتھ ٹام لیتھم کے ساتھ ناقابل شکست 80 رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کو 17 گیندیں قبل ہی 5 وکٹ کی فتح سے ہمکنار کرا دیا۔

اس میچ میں فتح کے ساتھ ہی نیوزی لینڈ نے سیریز میں 0-3 سے کلین سوئپ مکمل کر لیا۔

ہنری نکولس کو میچ اور روس ٹیلر کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

Read Comments