Dawn News Television

شائع 19 فروری 2020 08:28pm

ٹک ٹاک میں والدین کو بچوں کے اکاؤنٹ پر کنٹرول دینے کا فیچر متعارف

ٹک ٹاک اس وقت نوجوانوں میں مقبول ترین ایپ ہے اور اسی وجہ سے والدین میں اپلیکشن کے حوالے سے کافی خدشات بھی پائے جاتے ہیں۔

اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹک ٹاک کی جانب سے ایسے اقدامات کیے جارہے ہیں جو نوجوانوں کو محفوظ رکھنے میں دیں، اس مقصد کے لیے گزشتہ سال ایج چیکس کو متعارف کرایا گیا جبکہ اب والدین کے مختلف کنٹرولز کا اضافہ کیا گیا ہے۔

فیملی سیفٹی موڈ نامی یہ نیا فیچر والدین کے ٹک ٹاک اکاﺅنٹ کو ان کے بچوں کے اکاﺅنٹ سے منسلک کردے گا، جس سے وہ نوجوانوں کی آن لائن شخصیت کے پہلوﺅں کو کنٹرول کرسکیں گے۔

اس فیچر کی بدولت والدین فیصلہ کرسکیں گے کہ ان کے بچے کتنا وقت اس ایپ پر روزانہ گزار سکتے ہیں۔

اسی طرح ڈائریکٹ میسجز کو مکمل طور پر ڈس ایبل یا محدود بھی کرسکتے ہیں۔

اس کے علاوہ ایک نیا ریسٹرکٹڈ موڈ بھی دیا گیا ہے جس کی مدد سے والدین یہ طے کرسکیں گے کہ ان کے بچے اس ایپ پر کس قسم کا مواد دیکھ سکتے ہیں۔

یہ فیچر فی الحال برطانیہ میں متعارف کرایا گیا ہے اور آنے والے ہفتوں میں اسے دنیا کے مختلف حصوں میں بھی پیش کردیا جائے گا۔

Read Comments