Dawn News Television

شائع 20 فروری 2020 11:52pm

ایل او سی: بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے سپاہی شہید

لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے پاک فوج کا سپاہی شہید ہو گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج نے لیپا وادی کے کیانی سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ کی۔

پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کر کے بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنایا۔

فائرنگ کے تبادلے میں 30 سالہ سپاہی امتیاز علی شہید ہو گئے۔

بیان میں کہا گیا کہ امتیازعلی ضلع نوشہرہ کے علاقے پَبی کے رہائشی تھے جنہوں نے مادر وطن کے دفاع میں جام شہادت نوش کیا۔

واضح رہے کہ 8 فروری کو بھارتی فوج نے بلااشتعال فائرنگ کرکے چری کوٹ سیکٹر کو نشانہ بنایا جہاں ایک شہری شہید اور ایک خاتون زخمی ہوگئیں۔

یہ بھی پڑھیں: ایل او سی: بھارت کی بلااشتعال فائرنگ سے 4 افراد زخمی

آئی ایس پی آر کے مطابق ‘بھارتی فوج نے شہری آبادی کو آرٹلری اور مارٹر فائر سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں کاکوٹا گاؤں کے رہائشی میر محمد شہید ہوئے اور ایک خاتون زخمی ہوئیں’۔

بیان میں کہا گیا تھا کہ ‘پاک فوج کے جوانوں نے مؤثر جواب دیتے ہوئے بھارت کی اس چوکی کو نشانہ بنایا جہاں سے فائرنگ کی گئی تھی’۔

خیال رہے کہ ایل او سی پر جنگ بندی کے لیے 2003 میں پاکستان اور بھارتی افواج کی جانب سے ایک معاہدے پر دستخط کیے گئے تھے تاہم اس کے باوجود جنگ بندی کی خلاف ورزی کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔

Read Comments