روسو کی ریکارڈ ساز سنچری، گلیڈی ایٹرز کو سلطانز کے ہاتھوں شکست
پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے پانچویں ایڈیشن میں رلی روسو کی ریکارڈ ساز سنچری کی بدولت ملتان سلطانز نے دفاعی چیمپیئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 30رنز سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن مستحکم کر لی ہے۔
ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں ہفتہ کو کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا آغاز کیا تو اوپنرز جیمز ونس اور ذیشان اشرف نے ٹیم کو 23رنز کا آغاز فراہم کیا جس کے بعد ذیشان 8رنز بنا کر نسیم شاہ کی وکٹ بن گئے۔
ونس اور کپتان شان مسعود نے اسکور کو 40تک پہنچایا ہی تھا کہ انگلش بلے باز کی 6چوکوں سے مزین 29رنز کی اننگز اختتام کو پہنچی۔
گزشتہ میچ کے مین آف دی میچ معین علی اس مرتبہ ناکامی سے دوچار ہوئے اور بین کٹنگ کو چوکا مارنے کے بعد اگلی گیند پر وکٹیں محفوظ نہ رکھ سکے۔
تین وکٹیں گرنے کے بعد رلی روسو کی وکٹ پر آمد ہوئی اور انہوں نے میدان میں آتے ہی کھیل کا نقشہ بدل دیا۔
کولپاک معاہدہ کرنے والے جنوبی افریقی بلے باز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے تمام باؤلرز کو آڑے ہاتھوں لیا اور وکٹ کے چاروں اطراف چھکے اور چوکوں کی بارش کردی۔
مایہ ناز بلے باز نے صرف 23گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی لیکن نصف سنچری کے بعد انہوں نے مزید جارحانہ انداز اپناتے ہوئے سنچری کی جانب پیش قدمی کی۔
ایک موقع پر ایسا محسوس ہوتا تھا کہ سلطانز میچ میں صرف 150رنز ہی بنا سکیں گے لیکن رلی روسو کے لاٹھی چارج اور کپتان شان مسعود کے ہمراہ 139رنز کی شراکت کی بدولت انہوں نے اپنی ٹیم کے بڑے مجموعے کی راہ ہموار کی۔
شان مسعود 2 گیندوں پر 46رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے لیکن دوسرے اینڈ سے روسو نے عمدہ بیٹنگ جاری رکھتے ہوئے صرف 43گیندوں پر سنچری اسکور کرتے ہوئے پاکستان سپر لیگ کی تیز ترین سنچری بنانے کا اعزاز حاصل کر لیا۔
رلی روسو کی ناقابل شکست سنچری کی بدولت ملتان سلطانز نے مقررہ اوورز میں 5وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنائے۔
گلیڈی ایٹرز نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو اوپنرز جیسن روئے اور شین واٹسن نے ٹیم کو 57رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا۔
شین واٹسن لیگ میں پہلی مرتبہ فارم میں نظر آئے البتہ روئے پوری اننگز کے دوران جدوجہد کرتے رہے اور بالآخر 27گیندوں پر 30رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔
شین واٹسن نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے احسن علی کے ہمراہ دوسری وکٹ کے لیے 41رنز کی شراکت قائم کی جس کے بعد احسن 14 اور اعظم خان 6رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
شین واٹسن نے بہترین بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور ایسا لگتا تھا کہ شائقین کرکٹ کو ایک ہی میچ میں دوسری سنچری دیکھنے کا موقع بھی مل جائے گا لیکن عمران طاہر نے 80رنز بنانے والے واٹسن کی اننگز کا خاتمہ کر کے اپنی ٹیم کی فتح کے امکانت روشن کر دیے۔
اس کے بعد گلیڈی ایٹرز کا کوئی بھی بلے باز اختتامی اوورز میں ملتان سلطانز کی جانب سے کرائی گئی نپی تلی باؤلنگ کا سامنا نہ کر سکا اور وہ مقررہ اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر 169رنز ہی بنا سکے۔
ملتان سلطانز نے میچ میں 30رنز سے کامیابی حاصل کر کے پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پہلی پوزیشن مزید مستحکم کر لی ہے اور ان کے پوائنٹس کی تعداد 8ہو گئی ہے۔
پاکستان سپر لیگ کی تیز ترین سنچری بنانے والے رلی روسو کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔