Dawn News Television

اپ ڈیٹ 03 مارچ 2020 01:58pm

یونائیٹڈ اور زلمی کا میچ راولپنڈی میں بارش کے سبب منسوخ

پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کے درمیان میچ بارش کے سبب منسوخ کردیا گیا۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شیڈول میچ مسلسل بارش اور آؤٹ فیلڈ گیلی ہونے کے سبب منسوخ کردیا گیا۔

بارش کے سبب میچ کا ٹاس بھی ممکن نہ ہو سکا اور امپائرز نے دونوں ٹیموں کے کپتانوں سے مشاورت کے بعد میچ منسوخ کرنے کا اعلان کردیا۔

میچ کی منسوخی کے سبب اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی دونوں کو ایک، ایک پوائنٹ دے دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز پشاور زلمی اور لاہور قلندرز کے درمیان میچ بھی بارش سے متاثر ہوا تھا اور بارش کی وجہ سے میچ کو 12اوورز فی اننگز تک محدود کردیا گیا تھا۔

بارش سے ماتثرہ اس دلچسپ مقابلے میں پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو شکست سے دوچار کیا تھا۔

پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ پوائنٹس ٹیبل پر پانچ میچوں میں پانچ، پانچ پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب تیسرے اور چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔

آج کھیلے گئے دن کے پہلے میچ میں ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 30رنز سے شکست دی تھی۔

Read Comments