پشاور زلمی نے بین ڈنک کے خلاف خصوصی منصوبہ بنالیا ہے، وہاب ریاض
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2020 کے رواں سیزن میں پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر موجود پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے لاہور قلندرز کو ان کے گھر میں شکست دینے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بین ڈنک کے خلاف منصوبہ بنا لیا گیا ہے۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ٹیم پریکٹس کے دوران میڈیا نمائندگان سے بات کرتے ہوئے وہاب ریاض نے کہا کہ میں نے زیادہ کرکٹ لاہور اور قذافی اسٹیڈیم میں کھیلی ہے اور یہاں میرا گھر ہے لیکن میرا دل پشاور زلمی کے ساتھ دھڑکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں ان تمام برسوں میں پشاور زلمی کی جانب سے کھیلتا رہا ہوں اور لاہور قلندرز کے خلاف جیت حاصل کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں:لاہور قلندرز کی شان دار بیٹنگ، کراچی کنگز کو 8 وکٹوں سے شکست
خیال رہے کہ قذافی اسٹیڈیم میں پشاور زلمی اور لاہور قلندرز کے درمیان کل (10مارچ) پی ایس ایل کا میچ کھیلا جائے گا۔
پشاور زلمی کی ٹیم نے اب تک آپنے 8 میچوں میں 4 فتوحات کے ساتھ 9 پوائنٹس حاصل کرلیے ہیں اور ٹیبل پر دوسرے نمبر پر موجود ہے اور ایک فتح کے ساتھ ہی وہ پلے آف تک پہنچ جائے گی۔
دوسری جانب لاہور قلندرز 7 میچوں میں 3 فتح اور 4 شکستوں کے ساتھ پانچویں نمبر پر موجود ہے اور 6 پوائنٹس حاصل کر لیے ہیں۔
وہاب ریاض نے ٹیم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حیدر علی باصلاحیت کھلاڑی ہیں اور اپنا کردار بخوبی نبھا رہے ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ وہ میدان میں اپنا فطری گیم کھیلے۔
عمر امین کی اگلے میچ میں شمولیت کے حوالے سے ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ کل کے میچ کے لیے ٹیم کا انتخاب موسم اور پچ کو دیکھ کر کیا جائے گا۔
وہاب ریاض نے لاہور قلندرز کے جارح مزاج بلے باز بین ڈنک کے حوالے سے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ بین ڈنک ایک اچھا کھلاڑی ہے اور انہوں نے لاہور قلندرز کو تن تنہا دو میچ جتوا کر دیے ہیں۔
مزید پڑھیں:بارش سے متاثرہ میچ میں یونائیٹڈ کو شکست، زلمی 7رنز سے کامیاب
انہوں نے کہا کہ پشاور زلمی نے بین ڈنک کے خلاف خصوصی منصوبہ بنا لیا ہے اور اس پر عمل درآمد کی ضرورت ہے۔