Dawn News Television

شائع 22 اپريل 2020 05:54pm

ایم کیو ایم کے امین الحق نے وزیر آئی ٹی کی ذمہ داریاں سنبھال لیں

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما امین الحق نے وفاقی وزیر کے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد ذمہ داریاں سنبھال لیں۔

اس سلسلے میں ایوان صدر میں تقریب حلف برداری منعقد ہوئی، جہاں صدر مملک ڈاکٹر عارف علوی نے ان سے حلف لیا۔

اس موقع پر کورونا وائرس کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اور سماجی فاصلہ اپنایا گیا تھا۔

بعد ازاں کابینہ ڈویژن کی جانب سے امین الحق کو ذمہ داریاں سونپنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔

اس نوٹیفکیشن کے مطابق امین الحق کو وزارت انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی (آئی ٹی) اور ٹیلی کام کا قلمدان سونپا گیا۔

علاوہ ازیں وزارت آئی ٹی اینڈ ٹیلی کمیونکیشن کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا کہ سید امین الحق کی جانب سے بدھ کو وزارت کا چارج سنبھال لیا گیا۔

بیان کے مطابق سید امین الحق پاک سیکریٹریٹ میں وزارت آئی ٹی پہنچے اور اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں، اس دوران انہیں وزارت کے سینئر افسران کی جانب سے خوش آمدید کہا گیا۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی کابینہ میں اس سے پہلے اسی وزارت کے عہدے پر متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی موجود تھے۔

تاہم 12 جنوری 2020 کو متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے وفاقی کابینہ سے علیحدہ ہونے کا اعلان کیا تھا۔

اس اعلان کے ساتھ ہی حکومتی و پی ٹی آئی کے نمائندوں نے ایم کیو ایم کنوینر سے کابینہ میں واپسی کے لیے متعدد ملاقاتیں کی تھیں تاہم خالد مقبول اپنے فیصلے پر قائم رہے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: وفاقی کابینہ میں رد و بدل، خسرو بختیار اور حماد اظہر کے قلمدان تبدیل

بعد ازاں 6 اپریل 2020 کو وفاقی کابینہ میں تبدیلیاں کی گئی تھیں، ساتھ ہی خالد مقبول صدیقی کا استعفیٰ منظور کرلیا گیا تھا۔

مزید یہ کہ اس وقت وزیراعظم نے ایم کیو ایم کے امین الحق کو کابینہ میں شامل کرتے ہوئے وزیر مواصلات مقرر کیا تھا۔

یاد رہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما امین الحق عام انتخابات 2018 میں کراچی کے حلقہ 251 سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔

Read Comments