Dawn News Television

اپ ڈیٹ 12 مئ 2020 05:21pm

یوٹیوب اسٹار اپنی 25ویں سالگرہ پر ہلاک

آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے یوٹیوب اسٹار کوری لا بیری 25 سال کی عمر میں کار حادثے میں ہلاک ہوگئے۔

فاکس نیوز کی رپورٹ کے مطابق کوری کے بھائی جیرڈ نے انسٹاگرام اکاؤنٹ کے ذریعے بھائی کے انتقال کی خبر کی تصدیق کی اور بتایا کہ ان کی جان ایک کار حادثے میں گئی۔

اپنی پوسٹ میں انہوں نے بھائی کی تصویر شیئر کی جبکہ لکھا کہ ’میں نے سوچا نہیں تھا کہ کبھی یہ بھی لکھنا پڑے گا، میرے بھائی کا گزشتہ رات کار حادثے میں انتقال ہوگیا‘۔

مزید پڑھیں: 2019 میں یوٹیوب پرمقبول ہونے والی پہلی عرب خاتون

جیرڈ نے اپنی پوسٹ میں کوری کے دوست پر نشے کی حالت میں گاڑی چلانے کا الزام عائد کیا۔

جیرڈ نے یہ پوسٹ گزشتہ رات شیئر کی تھی اور ان کے مطابق ان کے بھائی کا انتقال 10 مئی کو ہوا اور حیران کن بات یہ تھی کہ 10 مئی کو کوری لا بیری کی 25ویں سالگرہ بھی تھی۔

کوری نے خود بھی اپنے یوٹیوب چینل پر ایک ویڈیو کے ذریعے بتایا تھا کہ 10 مئی کو ان کی سالگرہ ہے جبکہ ویڈیو کا ٹائٹل تھا کہ وہ 24 گھنٹوں بعد اس ویڈیو کو ڈیلیٹ کردیں گے۔

کوری لا بیری کے یوٹیوب چینل کو 3 لاکھ 47 ہزار سے زائد افراد سبسکرائب کرچکے ہیں۔

وہ اپنے یوٹیوب چینل پر کئی مختلف انداز کی ویڈیوز بناتے تھے، جن میں دوستوں کے ساتھ وقت گزارنا، یوٹیوب پر لوگوں کے کمنٹس پڑھنا، دوستوں کو بیوقوف بنانا اور ویڈیو لاگنگ شامل ہیں۔

فاکس نیوز کی رپورٹ کے مطابق لاس اینجلس کی پولیس نے 27 سالہ ڈینیئل سلوا کو قتل کے الزام میں گرفتار کیا، ڈینیئل سلوا پر الزام تھا کہ وہ نشے کی حالت میں گاڑی چلا رہا تھا جس کے باعث کوری لا بیری کا انتقال ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: کامیڈی کے بادشاہ اداکار جیری اسٹلر چل بسے

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ ڈینیئل سلوا نشے کی حالت میں تیز رفتار گاڑی چلا رہے تھے جب ان سے توازن برقرار نہ رہا تو گاڑی سائن بورڈ اور درخت سے ٹکرائی جس کے نتیجے میں کوری کی جان چلی گئی۔

اس حادثے کے بعد ڈینیئل سلوا نے موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم انہیں وہاں موجود افراد نے پکڑ لیا۔

حادثے کے بعد کوری کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔

Read Comments