Dawn News Television

شائع 01 جون 2020 05:49pm

وہ تصویر جو کسی بھی اینڈرائیڈ فون کو کریش کرسکتی ہے

صرف ایک تصویر آپ کے اینڈرائیڈ فون کو کریش کرسکتی ہے۔

ویسے تو ایسا عام طور پر آئی فون میں دیکھنے میں آتا ہے جس میں اکثر ایسے پیغام سامنے آتے ہیں جو فون سسٹم کو کریش کردیتے ہیں مگر اب اینڈرائیڈ صارفین کے لیے بھی ایسا ہی مسئلہ سامنے آیا ہے۔

ایک تصویر کو کسی بھی کمپنی کے اینڈرائیڈ فون میں وال پیپر کے طور پر استعمال کیا جائے تو ڈیوائس کام کرنا چھوڑ دیتی ہے۔

تاہم آئی فون کے میسج بگ کے برعکس اینڈرائیڈ فون اسی وقت متاثر ہوسکتے ہیں جب ان میں تصویر کو بطور وال پیپر استعمال کیا جائے گا۔

سام سنگ کے فونز کی تفصیلات لیک کرنے کے حوالے سے معروف ٹوئٹر صارف آئس یونیورس نے اتوار کو ایک ٹوئٹ میں صارفین کو خبردار کیا۔

انہوں نے ایک تصویر کو پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ اس خوبصورت تصویر کو وال پیپر کے طور پر استعمال کرنے سے گریز کریں۔

اگر اس انتباہ کے باوجود آپ اس تصویر کو وال پیپر کے طور پر لگا کر دیکھنا چاہتے ہیں کہ اینڈرائیڈ فون پر کیا اثر ہوتا ہے تو پھر اسے دوبارہ استعمال کرنے کے لیے کچھ وقت انتظار کرنا پڑے گا۔

اینڈرائیڈ سینٹرل کے مطابق سورج غروب ہونے کی یہ تصویر کسی بھی اینڈرائیڈ فون کو کریش کرسکتی ہے کیونکہ اس میں ایک ایسا کوڈ چھپا ہے جو پورے اینڈرائیڈ سسٹم یوزر انٹرفیس کو کریش کردیتا ہے۔

اس تصویر کو براؤزر پر اوپن کرنے یا فون میں محفوظ کرنے سے کوئی فرق نہیں پڑتا، تاہم اگر اسے وال پیپر کے طور پر لگایا جائے تو فون متاثر ہوسکتا ہے۔

اس کے علاوہ تصویر میں کسی قسم کی ایڈیٹنگ کرکے بھی مسئلے کو ٹھیک کیا جاسکتا ہے اور پھر وال پیپر کے طور پر استعمال کیا جاسکتا ہے۔

تاہم جو صارف اصل تصویر کو وال پیپر کے لیے استعمال کرتا ہے تو اس بار بار کریش ہونے کے مسئلے سے بچنے کے لیے فون کو فیکٹری ری سیٹ کرنا پڑتا ہے یا سیف موڈ پر فون اوپن کرکے جلدی سے وال پیپر کو کسی اور سے بدلنا ہوگا۔

Read Comments