Dawn News Television

شائع 19 جون 2020 01:32pm

مظفرآباد میں لاک ڈاؤن میں مزید ایک ہفتے کی توسیع

آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد اور اس کے مضافاتی علاقوں میں لاک ڈاؤن میں مزید ایک ہفتے کی توسیع کردی گئی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ڈپٹی کمشنر بدر منیر نے کہا کہ ضلع انتظامیہ نے کیسز میں اضافے کے باعث 12 جون سے اسمارٹ کے بعد مکمل لاک ڈاؤن نافذ کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ ہفتے کے برعکس آئندہ ہفتے صبح 8 سے شام 6 بجے تک بیکریاں، سبزی و پھلوں کی دکانیں، گروسری اسٹورز، پولٹری، ایل پی جی سلنڈر کی دکانیں کھلی رہیں گی۔

اسی طرح تندور اور ڈیری شاپس بھی صبح 5 سے رات 8 بجے تک کھلی رہیں گی۔

ڈپٹی کمشنر کے مطابق گوشت اور مچھلی کی دکانیں ہفتہ، اتوار اور جمعرات کے روز صبح 8 سے شام 6 بجے تک کھلیں گی۔

انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن 25 جون تک نافذ رہے گا اور پبلک ٹرانسپورٹ بند رہے گی۔

Read Comments