Dawn News Television

شائع 03 جولائ 2020 02:52am

میانمار: مٹی کے تودے گرنے سے 160 کان کن ہلاک

شمالی میانمار میں مٹی کے تودے گرنے سے قیمتی پتھر کی کان میں کام کرنے والے 160 مزدور ہلاک ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی 'اے ایف پی' کے مطابق چین کی سرحد کے ساتھ ریاست کاچن میں مٹی کے تودے شدید بارش کے باعث گرے، جہاں سے ہر ساتھ اربوں ڈالر کے قیمتی پتھر نکالے جاتے ہیں۔

شدید بارش کے باعث ایک پہاڑ کا کچھ حصہ الگ ہوگیا جس سے مٹی کے تودے کان کنوں پر آکر گرے۔

میانمار کے محکمہ فائر سروسز نے اپنی فیس بک پوسٹ میں کہا کہ مٹی کے تودے گرنے سے درجنوں مزدور ان کے نیچے دب گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: میانمار: قیمتی پتھر کی کان میں حادثہ، 14 افراد ہلاک

فائر ڈپارٹمنٹ اور مقامی پولیس سمیت ریسکیو ورکرز نے لاشیں نکالنے کے لیے شدید بارش کے باوجود دن بھر کوششیں کیں اور 162 مزدوروں کی لاشوں کو خراب حالت میں نکال لیا گیا۔

محکمہ فائر سروسز کا کہنا تھا کہ مٹی تودے گرنے سے 54 افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں علاج کے لیے قریبی ہسپتالوں میں داخل کرادیا گیا ہے۔

پولیس سپرنٹنڈنٹ تھان وِن اونگ نے کہا کہ شدید بارش کے دوران کان میں کام کرنا بڑا چیلنج ہے جبکہ اس سے ایک اورکان کے بیٹھنے کا خطرہ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 'ہم پانی کے اندر موجود لاشیں نہیں ڈھونڈ سکتے اس لیے ہم صرف وہ لاشیں نکال رہے ہیں پانی کی سح پر آگئی ہیں۔'

شمالی میانمار کے علاقے ہپکانت کی کانوں میں خطرناک لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات پیش آتے رہتے ہیں جس کی وجہ سے قیمتی پتھروں کی تلاش کے لیے کام کرنے والے مزدوروں کی جان کو خطرہ لاحق رہتا ہے۔

مزید پڑھیں: میانمار: تودہ گرنے سے ہلاکتوں کی تعداد 100 سے زائد

مقامی پولیس کا کہنا تھا کہ متاثرہ افراد مون سون کی بارشوں کے دوران کانوں میں کام نہ کرنے کی تنبیہ کر نظر انداز کرتے ہوئے وہاں کام کر رہے تھے۔

واضح رہے کہ میانمار کے خطرناک پہاڑی علاقوں میں قیمتی پتھر کی تلاش کے دوران متعدد کان کن ہلاک و زخمی ہوجاتے ہیں۔

Read Comments