چوتھا میچ: ہندوستان باآسانی نو وکٹ سے کامیاب
بلاوایو: ہندوستان نے زمبابوے کو چوتھے ایک روزہ میچ میں باآسانی 9 وکٹوں سے ہرا کر پانچ میچوں کی سیریز میں 4-0 کی برتری حاصل کر لی۔
جمعرات کے روز بلاوایو میں کھیلے گئے چوتھے میچ میں ہندوستانی قائد ویرات کوہلی نے ٹاس جیت کر باؤلرز کو آزمانے کا فیصلہ کیا جو ان کیلئے درست ثابت ہوا اور زمبابوے کی پوری ٹیم 42.4 اوورز میں 144 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔
ایلٹن چیگمبرا کے سوا زمبابوے کا کوئی بھی بلے باز ہندوستانی باؤلرز کو سنبھل کر نہ کھیل سکا، اس کے سات کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور کرنے میں ناکام رہے۔
چیگمبرا 50 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ میلکم والر نے 35، یوسی سیبانڈا 24، سکندر رضا 7 اور ہملٹن مسکڈزہ نے 10 رنز بنائے۔
کپتان برینڈن ٹیلر، سین ولیمز اور مائیکل صفر پر جبکہ پراسپر اوتسیا اور ٹنڈئی چتارا 1،1 اور برین ویٹوری 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
ہندوستان کی جانب سے امیت مشرا نے تین جبکہ موہت شرما اور رویندرا جدیجہ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں ہندوستانی ٹیم نے روہت شرما اور سریش رائنا کی ناقابل شکست نصف سنچریوں کی بدولت مطلوبہ ہدف باآسانی 31 ویں اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر پر پورا کر لیا۔
روہت شرما 64 اور سریش رائنا 65 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ زمبابوے کی جانب سے ٹنڈئی چتارا نے ایک وکٹ حاصل کی۔
موہت شرما کو 26 رنز کے عوض دو وکٹیں لینے پر میچ کا بہترین کھلاڑی چنا گیا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پانچواں اور آخری میچ ہفتہ کو بلاوایو میں ہی ہو گا۔