Dawn News Television

اپ ڈیٹ 21 جولائ 2020 09:45pm

فوجی قیادت کا ملکی سلامتی کو درپیش ہر خطرے کا مؤثر جواب دینے کے عزم کا اعادہ

پاکستان کی فوجی قیادت نے ملکی سلامتی کو درپیش کسی بھی خطرے کا بھرپور مقابلہ کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کی سربراہی میں 233ویں کور کمانڈرز کانفرنس جی ای ایچ کیو راولپنڈی میں منعقد ہوئی۔

کور کمانڈر کانفرنس کے دوران ملک کی اندرونی و بیرونی سیکیورٹی کے تناظر میں آپریشنل تیاریوں پرغور کیا گیا، جبکہ خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر آرمی چیف نے تمام فارمیشنز کی تیاریوں کو سراہا۔

کور کمانڈرز کانفرنس کے دوران مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کا بھی جائزہ لیا گیا، شرکا نے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو خراج تحسین پیش کیا۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے ٹڈی دَل اور کورونا وائرس کے خلاف سول انتظامیہ کی مدد کرنے پر فارمیشنز کے تعاون کو سراہا۔

شرکا نے کورونا وائرس کی وبا کے عیدالاضحیٰ اور محرم الحرام کے دوران زیادہ سے زیادہ احتیاط برتنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ وبا کے خلاف کامیابیوں کو احتیاط سے ہی برقرار رکھا جا سکتا ہے۔

انہوں نے ملک بھر میں ڈاکٹروں اور طبی عملے کی کوششوں کو سراہا۔

آرمی چیف نے مجموعی آپریشنل تیاریوں پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا جبکہ فورم نے عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی سیکیورٹی کو درپیش ہر خطرے کا موثر جواب دیا جائے گا۔

Read Comments