Dawn News Television

اپ ڈیٹ 27 جولائ 2020 09:47pm

ایشوریا رائے اور ان کی بیٹی کووڈ 19 کو شکست دینے میں کامیاب

بولی وڈ اداکارہ ایشوریا رائے بچن اور ان کی بیٹی ارادھیا بچن کی جانب سے کورونا وائرس سے ہونے والی کووڈ 19 کو شکست دینے کے بعد ہسپتال سے گھر جانے کی اجازت دے دی گئی۔

خیال رہے کہ 11 جولائی کو ایشوریا رائے کے سسر اور بولی وڈ کے میگا اسٹار امیتابھ بچن اور ان کے شوہر ابھیشیک بچن میں کووڈ 19 کی تشخیص ہوئی تھی اور وہ ممبئی کے ناناوتی ہسپتال میں داخل ہوگئے تھے۔

امیتابھ اور ابھیشیک بچن میں کورونا کی تصدیق کے ایک دن بعد 12 جولائی کو ایشوریا رائے سمیت بچن خاندان کے دیگر افراد کے کورونا ٹیسٹ کے نتائج میں ایشوریا رائے اور ان کی بیٹی ارادھیا بچن کے کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آئے۔

شروع میں دونوں نے گھر میں ہی قرنطینہ اختیار کیا تھا مگر 18 جولائی کو ایشوریا رائے اور ان کی بیٹی ارادھیا بھی ناناوتی ہسپتال اس وقت منتقل ہوگئے، جب انہوں نے سانس لینے میں مشکلات کی شکایت کی۔

اب 27 جولائی کو ایشوریا رائے کے شوہر ابھیشیک بچن نے ایک ٹوئٹ میں بتایا کہ ان کی اہلیہ اور بیٹی کے کورونا وائرس ٹیسٹ منفی آئے ہیں اور انہیں ہسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا۔

انہوں نے لکھا 'آپ سب کی دعاؤں اور نیک تمناؤں کا شکریہ، ایشوریا اور ارادھیا کے ٹیسٹ منفی آئے اور انہیں ہسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا، اب وہ گھر جارہی ہیں'۔

انہوں نے مزید بتایا کہ 'میرے والد اور میں تاحال ہسپتال میں زیر علاج ہیں'۔

77 سالہ امیتابھ بچن اور ان کے 44 سالہ بیٹے ابھیشیک بچن ہسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں ہیں اور ہسپتال انتظامیہ نے بیماری کی شدت کو معتدل قرار دیا ہے۔

امیتابھ بچن کی صحت کے حوالے سے ہسپتال کی جانب سے کسی قسم کی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں مگر بولی وڈ اسٹار اکثر ٹوئٹر پیغامات میں اس بارے میں بتاتے رہتے ہیں۔

Read Comments