مانچسٹر: اتوار کے روز اولڈ ٹریفرڈ میں ایشز سیریز کے تیسرے ٹیسٹ کے تیسرے روز بارش سے کھیل بند ہونے تک آسٹریلیا کو انگلینڈ پر تین سو رنز کی برتری حاصل رہی۔
انگلینڈ نے پہلی اننگز میں سات وکٹوں کے نقصان پر دو سو چورانوے رنز بنائے۔ انگلینڈ کو آسٹریلیا کی برتری ختم کرنے کے لئے مذید دو سو تینیتیس جبکہ فالو آن سے بچنے کے لئے چونتیس رنز درکار ہیں۔
واضح رہے کہ 2008 میں اولڈ ٹریفرڈ کے کسی ٹیسٹ کی چوتھی اننگز میں انگلینڈ نیوزی لینڈ کے خلاف 294 رنز سے جیتا تھا۔
واضح رہے کہ کل چوتھے دن کا کھیل ہوگا لیکن کل بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
مانچسٹر کے اولڈ ٹریفرڈ گراؤنڈ پر جاری تیسرے ٹیسٹ کے تیسرے دن کھیل کا آغاز انگلینڈ نے دو وکٹوں کے نقصان پر باون رنز سے کیا۔۔ ایلسٹر کک نصف سینچری اسکور کرنے کے بعد باسٹھ کے انفرادی اسکور پر پویلین لوٹے۔
جوناتھن ٹروٹ پانچ رنز بنانے کے بعد ریان ہیرس کا شکار ہوئے۔کیون پیٹرسن نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے پہلے این بیل کے ساتھ ایک سو پندرہ اور پھر جونی بیرسٹو کے ساتھ باون رنز کی شراکت قائم کی۔ بیل ساٹھ جبکہ بیرسٹو بائیس رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
پیٹرسن ایک سو تیرہ رنز کی شاندار اننگز کھیل کر مچل اسٹارک کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
پیٹرسن کی اننگز میں بارہ چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔
آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک نے تین ، جبکہ ریان ہیرس اور پیٹر سڈل نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ میٹ پرائر چھ اور اسٹورٹ براڈ نو رنز کے ساتھ چوتھے دن کھیل کا آغاز کریں گے۔