Dawn News Television

شائع 16 ستمبر 2020 05:39pm

جب ایک بندر نے اسمارٹ فون چرا کر سیلفیز لیں

ملائیشیا میں ایک شخص کا اسمارٹ فون گم ہونے کے بعد ملا تو اس میں ایک بندر کی سیلفیز اور ویڈیوز دریافت ہوئیں۔

زیکریاڈز روڈیز نامی شخص کے خیال میں بندر نے اس کا اسمارٹ فون اس وقت اٹھالیا تھا جب وہ سو رہا تھا اور باہر لے گیا۔

بعد ازاں یہ فون گھر کے عقب میں موجود جنگل سے دریافت ہوا جس کے کیمرا رول میں بندر کی ویڈیوز اور تصاویر موجود تھیں، جو اب سوشل میڈیا پر وائرل ہوچکی ہیں۔

ان تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک بندر کیمرے کے لینس کی جانب گھوم رہا ہے اور پھر فون کو منہ میں ڈال لیتا ہے، ممکنہ طور پر اسے کھانے کی کوشش کرتا ہے۔

اس کے علاوہ جنگل کی دھندلی تصاویر بھی ہے جبکہ ایک پینوراما تصویر کھینچنے کی ناکام کوشش بھی کی گئی۔

ملائیشین شہری کا کہنا تھا کہ اسے اپنے فون کی گمشدگی کا احساس اس وقت ہوا جب وہ ہفتہ کی صبح بیدار ہوا۔

اس کا کہنا تھا کہ ڈکیتی کے کوئی آثار نظر نہیں آئے اور میرے ذہن میں واحد خیال کسی قسم کے کالے جادو کا آیا۔

ملائیشین ریاست جوہر کے رہائشی نے بتایا کہ اگلے روز ایک رشتے دار نے گھر کے قریب ایک بندر کو دیکھا اور جب فون کی گھنٹی بجی تو معلوم ہوا کہ وہ گھر کے عقب میں ایک درخت کے نیے پڑا ہے۔

رشتے دار نے مذاق میں کہا کہ شاید اس ڈیوائس میں شاید چور کی تصویر بھی ہو تو جب فوٹوگیلری اوپن کی گئی تو وہ بندر کی تصاویر سے بھری ہوئی تھی۔

اس نے ایک ٹوئٹ میں تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے لکھا 'ایسا آپ شاید صدی میں ایک دفعہ ہی دیکھتے ہیں'۔

اس نے کھ تصاویر اور ویڈیوز ایک ٹک ٹاک پوسٹ میں بھی شیئر کیں۔

Read Comments