Dawn News Television

اپ ڈیٹ 02 اکتوبر 2020 05:38pm

کے الیکٹرک کے سابق سی ای او تابش گوہر وزیر اعظم کے معاون خصوصی مقرر

کے الیکٹرک کے سابق چیف ایگزیکٹو افسر (سی ای او) تابش گوہر کو وزیر اعظم عمران خان کا معاون خصوصی مقرر کردیا گیا۔

کابینہ ڈویژن سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے 1973 کے رولز آف بزنس کے رول 4 (6) کے تحت تابش گوہر کو اپنا معاون خصوصی برائے توانائی مقرر کردیا ہے۔

نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ تابش گوہر کا تقرر اعزازی طور پر کیا گیا ہے اور اس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔

واضح رہے کہ تابش گوہر نے لندن کے کِنگز کالج سے الیکٹریکل انجیئرنگ میں فرسٹ کلاس آنرز اور پاکستان میں انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن میں ایم بی اے کی ڈگریاں حاصل کر رکھی ہیں۔

وہ اس وقت اوسِز انرجی کنسلٹنٹس لمیٹڈ کے بانی اور چیئرمین ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: مولانا طاہر اشرفی مذہبی ہم آہنگی کیلئے وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی مقرر

اکتوبر 2015 میں اوسِز انرجی کنسلٹنٹس لمیٹڈ کے اجرا سے قبل تابش گوہر ابراج گروپ میں انرجی انفرا اسٹرکچر میں پارٹرنر اور گلوبل ہیڈ تھے جہاں انہوں نے تقریباً 9 سال تک سینئر انتظامی عہدوں پر فرائض سرانجام دیے۔

انہوں نے تقریباً 7 سال اپنی خدمات انجام دینے کے بعد 2015 میں کے الیکٹرک کے بورد کے ڈائریکٹر، چیف ایگزیکٹو افسر اور چیئرمین کے عہدوں سے استعفیٰ دیا۔

ان کی قیادت میں 17 سال میں 2012 میں پہلی بار کے الیکٹرک منافع میں آئی۔

Read Comments