Dawn News Television

اپ ڈیٹ 05 اکتوبر 2020 07:24pm

کورونا وائرس سے جاپانی فیشن ڈیزائنر کینزو ٹکاڈا کی موت

جاپان کے معروف فیشن ڈیزائنر کینزو ٹکاڈا عالمی وبا کی وجہ بننے والے کورونا وائرس سے انتقال کرگئے۔

ان کے ترجمان نے فرانسیسی میڈیا کو بتایا کہ 81 سالہ کینزو ٹکاڈا کی موت پیرس کے مغرب میں مضافاتی علاقے میں واقع ہسپتال میں کورونا وائرس سے جڑی پیچیدگیوں کے باعث ہوئی۔

کینزو ٹکاڈا نے اپنے نام سے منسوب برانڈ کو پیرس میں 1970 کی دہائی میں لانچ کیا تھا۔

وہ اپنے رنگارنگ اور اصل خاکوں کی وجہ سے جانے جاتے تھے جس میں جاپانی تخلیقی سلاحیتوں جیسا کہ کیمونو کو دیگر کے ساتھ استعمال کرتے تھے۔

انہوں نے پرفیومز اور اسکن کیئر پروڈکٹس بھی متعارف کروائے تھے جس سے ان کے کاروبار کو فروغ ملا تھا۔

خیال رہے کہ 1990 کی دہائی میں اپنا لیبل دنیا کے سب سے بڑے لگژری گروپ ایل وی ایم ایچ. پی اے کو فروخت کرنے کے بعد ریٹائر ہوگئے تھے۔

کینزو برانڈ کے کئی دیگر کریٹیو ڈائریکٹرز تھے جبکہ انہوں نے فیشن کی دنیا سے قریبی روابط بنائے اور فرنیچر سمیت دیگر ڈیزائنز بھی متعارف کروائے۔

ان کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کینزو برانڈ نے انسٹاگرام پر جاری پوسٹ میں ان کی جانب سے رنگوں کے استعمال کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ برانڈ لیبل آج زندگی اور اُمید پرستی سے متعلق ان کے حوصلے سے متاثر ہے۔

کینزو ٹکاڈا 1960 کی دہائی کے وقت میں کشتی پر طویل سفر کے ذریعے فرانس پہنچے تھا، وہ ایک سیاح بھی تھے اور انہوں نے اپنے ڈیزائنز میں مختلف ثقافتوں کو ملا کر پیش کیا۔

1973 میں ان کے ابتدائی فیشن شوز میں سے ایک پر تبصرہ کرتے ہوئے نیویارک ٹائمز نے انہیں دنیا کے سب سے زیادہ تصوراتی ڈیزائنرز میں سے ایک قرار دیا تھا۔

ان کی موت پر پیرس کے میئر این ہیڈالگو نے کہا کہ پیرس آج اپنے بیٹوں میں سے ایک کی موت پر ماتم کناں ہے۔

ایل وی ایم ایچ کے چیئرمین اور سی ای او برنارڈ ارنالٹ نے ایک بیان میں کہا کہ کینزو نے فیشن کو شاعری کی روشنی اور میٹھی آزادی سے جوڑ دیا تھا جس نے ان کے بعد کئی ڈیزائنرز کو متاثر کیا۔

فرانس کی فیش فیڈریشن کے چیئرمین رالف ٹولیڈانو نے کینزو ٹکاڈا کو مشرق اور مغرب کے سنگم پر فیشن کا ایک نیا صفحہ لکھنے کا اعزاز دیا۔

رواں برس کے آغاز میں انہوں نے پیرس میں ہوم اور لائف اسٹائل برانڈ کے 3 کا ایک نیا وینچر شروع کیا تھا، جس میں انہوں نے دیگر ڈیزائنرز سے اشتراک کیا تھا۔

Read Comments