Dawn News Television

شائع 07 اکتوبر 2020 08:17pm

شیخ مشعال الاحمد الصباح کویت کے نئے ولی عہد مقرر

کویت کے نئے امیر شیخ نواف الاحمد الصباح نے نیشنل گارڈ کے نائب سربراہ شیخ مشعال الاحمد الجابر الصباح کو ملک کا ولی عہد نامزد کردیا۔

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق کویت کی سرکاری نیوز ایجنسی ’کونا‘ نے امیر کے دفتر سے جاری بیان کے حوالے سے کہا کہ ’شیخ مشعال کے انتخاب کو الصباح خاندان کی حمایت حاصل ہے اور اب ملک کی پارلیمنٹ اس کی منظوری دے گی۔‘

قبل ازیں کویت کے حکمران خاندان کے دو اراکین نے ٹوئٹر پر شیخ مشعال کی بطور ولی عہد حمایت میں پیغامات پوسٹ کیے تھے۔

شیخ نواف نے اپنے بھائی شیخ صباح الاحمد کی وفات کے بعد گزشتہ ہفتے ایک ایسے وقت میں ملک کا اقتدار سنبھالا تھا جب اس کے دو بڑے پڑوسی ممالک سعودی عرب اور ایران کے درمیان شدید کشیدگی پائی جاتی ہے اور جب کویتی حکومت عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی کم ہوتی قیمتوں اور کورونا وائرس کی وبا کے باعث معیشت کو ہونے والے نقصان سے نکلنے کی کوشش کر رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کویت کے نئے امیر کی سینئر امریکی، ایرانی عہدیداران سے ملاقاتیں

سفارت کاروں اور تجزیہ کاروں نے کہا کہ اپنے کم اہم طریقے اور عمر کی وجہ سے شیخ نواف ممکنہ طور پر ولی عہد کو کئی اہم ذمہ داریاں دیں گے، جنہیں مقامی مسائل کے حل کے لیے فوری اقدامات اٹھانے ہوں گے۔

1940 میں پیدا ہونے والے شیخ مشعال گزشتہ منگل کو وفات پانے والے امیر کے چھوٹے بھائی ہیں، جو 2004 سے نیشنل گارڈ کے نائب سربراہ ہیں۔

وہ ماضی میں سیکیورٹی سروسز کے سربراہ اور وزارت داخلہ میں بھی فرائض انجام دے چکے ہیں۔

اس اعلان سے قبل ’الجزیرہ‘ سے بات کرتے ہوئے گلف انٹرنیشنل فورم کی ڈائریکٹر دانیا تھافر نے کہا کہ ’اس عہدے کے لیے دیگر امیدواروں کے برعکس شیخ مشعال کے خلاف کوئی اسکینڈل اور تنازع سامنے نہیں آیا ہے۔‘

مزید پڑھیں: کویت کے نئے امیر نواف الاحمد نے حلف اٹھا لیا، خطے میں امن پر زور

انہوں نے کہا کہ ’ان کا امیر شیخ نواف الاحمد الصباح سے انتہائی قریبی تعلق ہے جبکہ ان کے پڑوسی ممالک سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے بھی اچھے تعلقات ہیں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’شیخ مشعال، امریکا میں سابق امیر کے علاج کے وقت ان کے ہمراہ تھے۔‘

کویت کی پارلیمنٹ کے اسپیکر پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ اگر امیر بدھ تک ولی عہد کا اعلان کرتے ہیں تو قانون ساز پارلیمانی مدت کے آخری روز جمعرات کو اس حوالے سے ووٹ دیں گے۔

Read Comments