Dawn News Television

اپ ڈیٹ 17 اکتوبر 2020 09:04pm

ملک میں عید میلادالنبیﷺ 30 اکتوبر کو منائی جائے گی

پاکستان میں میں ربیع الاول کا چاند نظر نہیں آیا لہٰذا 12 ربیع الاول 30 اکتوبر بروز جمعہ کو ہوگی۔

مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی پاکستان کا اجلاس مفتی منیب الرحمٰن کی زیر صدارت کراچی میں محکمہ موسمیات کے دفتر میں ہوا۔

زونل رویتِ ہلال کمیٹیوں کے اجلاس ان کے متعلقہ ہیڈکوارٹرز پر منعقد ہوئے۔

رویت ہلال کمیٹی کو ملک کے مختلف حصوں سے چاند کی عدم رویت کی رپورٹ موصول ہوئی جس کے بعد چیئرمین مفتی منیب الرحٰمن نے اعلان کیا کہ ماہِ ربیع الاوّل کا چاند نظر نہیں آیا، لہٰذا یکم ربیع الاوّل 1442 ہجری پیر کو ہوگی جبکہ عید میلادالنبیﷺ 30 اکتوبر بروز جمعہ کو منائی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: محرم الحرام کا چاند نظر آگیا، یوم عاشور 30 اگست کو ہوگا

بعد ازاں وزارت مذہبی امور سے جاری نوٹی فکیشن میں بھی کہا گیا کہ ربیع الاول کا چاند نظر نہیں آیا، یکم ربیع الاول 19 اکتوبر پیر کو جبکہ 12 ربیع الاول 30 اکتوبر بروز جمعہ کو ہوگی۔

واضح رہے کہ رواں سال عاشقان رسولﷺ کورونا وائرس کے سائے میں عید میلادالنبیؐ منائیں گے۔

حکومت کی جانب سے 12 ربیع الاول کے جلوسوں کے حوالے سے تاحال ایس او پیز جاری نہیں کیے گئے ہیں۔

خیال رہے کہ 6 اگست کو حکومت نے کورونا وائرس کے باعث متعارف کرائی گئی پابندیوں اور اسمارٹ لاک ڈاؤن کے خاتمے کا اعلان کرتے ہوئے مختلف مراحل میں ریسٹورنٹس، مارکیٹوں، تفریحی اور سیاحتی مقامات کھولنے کی اجازت دے دی تھی۔

مزید پڑھیں: چاند کی رویت سے متعلق سرکاری ویب سائٹ لانچ

تاہم گزشتہ چند ہفتوں سے ملک کے مختلف حصوں میں کیسز میں اضافہ دیکھا گیا ہے جس کے بعد سندھ، پنجاب، اسلام آباد، آزاد کشمیر میں کچھ مقامات پر دوبارہ اسمارٹ لاک ڈاؤن بھی نافذ کردیا گیا ہے۔

Read Comments