Dawn News Television

شائع 20 اکتوبر 2020 10:33pm

لگ بھگ 19 گھنٹے کی دنیا کی طویل ترین پرواز اڑان بھرنے کیلئے تیار

اگر آپ کسی طیارے کی 19 گھنٹے کی نان اسٹاپ پرواز پر سفر کرسکتے ہیں تو سنگاپور ایئرلائنز بہت جلد اس کو حقیقت بنانے والی ہے۔

اس فضائی کمپنی کی سنگاپور سے نیویارک کے درمیان دنیا کی طویل ترین پرواز آئندہ ماہ اڑان بھرے گی۔

سنگا پور کے چیانگ ایئرپورٹ سے نیویارک کے جان ایف کینیڈی ایئرپورٹ کے اس روٹ میں یہ پرواز 8287 ناٹیکل میل کا سفر طے کرے گی۔

اس سے قبل بھی دنیا کی طویل ترین پرواز کا اعزاز سنگاپور ایئرلائنز کے پاس ہی تھا، جو سنگاپور سے نیوجرسی کے قریب Newark تک جاتی ہے، جس کا فاصلہ 8285 ناٹیکل میل ہے۔

سنگاپور ایئرلئانز سے قبل یہ اعزاز قطرائیرویز کے پاس تھا جو کہ دوہا سے نیوزی لینڈ کے شہر آک لینڈ کے درمیان 9 ہزار میل کی نان اسٹاپ پرواز چلارہی ہے۔

اس پرواز کا آغاز 2018 میں ہوا تھا جس کے لیے ایئربس اے 350-900 یو آر ایل کو استعمال کیا جارہا تھا، جبکہ بہترین کارکردگی کے لیے صرف بزنس کلاس اور پریمئیم اکانومی نشستیں ہی ان طیاروں میں دی گئی ہیں۔

مگر سنگاپور سے نیویارک تک کے لیے ایئربس کے اے 350-900 ایکس ڈبلیو بی طیاروں کو استعمال کیا جائے گا جن میں 42 بزنس کلاس ، 24 پریمئیم اور 187 اکانومی نشستیں ہوں گی۔

اس پرواز کا دورانیہ 18 گھنٹے 40 منٹ ہوگا اور ایک ہفتے میں 3 پروازیں ہوں گی جن کا آغاز 9 نومبر سے ہورہا ہے۔

آسٹریلیا کی کمپنی قنطاس کی ایک تجرباتی پرواز نے گزشتہ سال 11 ہزار میل کا سفر طے کیا تھا مگر اس میں کوئی بھی مسافر موجود نہیں تھا تو اس کمرشل پرواز کا درجہ نہیں مل سکا تھا۔،

Read Comments