Dawn News Television

اپ ڈیٹ 24 اکتوبر 2020 04:49pm

کنگنا رناوٹ کو بہن سمیت پولیس اسٹیشن میں پیش ہونے کا حکم

بھارتی ریاست مہاراشٹر کے دارالحکومت ممبئی کی پولیس نے بولی وڈ پنگا ’کوئین‘ کنگنا رناوٹ کو ان کی بہن رنگولی چنڈیل کے ہمراہ مذہبی فسادات کے مقدمے کی تفتیش کے لیے تھانے پیش ہونے کا سمن جاری کردیا۔

بھارتی نشریاتی ادارے نئی دہلی ٹیلی وژن (این ڈی ٹی وی) کے مطابق دونوں بہنوں کو ممبئی کے باندرا پولیس تھانے کی جانب سے سمن جاری کیا گیا۔

پولیس کی جانب سے جاری کیے گئے سمن میں کنگنا رناوٹ اور ان کی بہن رنگولی چنڈیل کو 26 اور 27 اکتوبر کو تھانے میں پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔

دونوں بہنوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سمن میں دی گئی مذکورہ تاریخوں سے قبل بھی پیش ہو سکتی ہیں، تاہم وہ لازمی طور پر دونوں تاریخوں تک تھانے پیش ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: کنگنا رناوٹ کے خلاف مذہبی فسادات کرانے کے الزام کے تحت مقدمہ دائر

کنگنا رناوٹ اور ان کی بہن کے خلاف گزشتہ ہفتے 18 اکتوبر کو منور علی سید نامی کاسٹنگ ڈائریکٹر اور فٹنیس ٹرینر کی درخواست پر باندرا پولیس نے مذہبی فسادات کرانے سمیت متعدد الزامات کے تحت مقدمہ دائر کیا تھا۔

منور علی سید نامی شخص نے ابتدائی طور پر ممبئی کی مقامی عدالت سے اداکارہ اور اس کی بہن کے خلاف رجوع کیا تھا اور عدالت نے پولیس کو مقدمہ دائر کرکے تفتیش کا حکم دیا تھا۔

دونوں بہنوں کے خلاف مذہبی فسادات کرانے، زبان، رنگ اور نسل کی بنیاد پر مختلف برادریوں کو نشانہ بناکر ان میں فسادات کرانے کے الزامات کے تحت مقدمہ دائر کیا گیا تھا۔

درخواست گزار منور علی سید نے پولیس اور عدالت کو بتایا تھا کہ کنگنا رناوٹ اور ان کی بہن کی جانب سے زبان، ریاست، رنگ، نسل اور مذہب کی بنیاد پر لوگوں میں فسادات کروانے کی کوشش جیسی ٹوئٹس کی جارہی ہیں۔

درخواست گزار نے پولیس اور عدالت کو بتایا کہ دونوں بہنیں بولی وڈ انڈسٹری پر بھی سنگین الزامات لگا رہی ہیں جب کہ کنگنا رناوٹ ہندو مسلم فسادات کروانے کی کوشش کر رہی ہیں۔

مزید پڑھیں: ممبئی پولیس کو کنگنا رناوٹ کے خلاف منشیات کی تفتیش کا حکم

اب اسی مقدمے میں پولیس نے دونوں بہنوں کو تھانے میں پیش ہوکر اپنا بیان ریکارڈ کروانے کا حکم دیا ہے اور خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ دونوں بہنیں پولیس کی جانب سے دی گئی تاریخوں پر پولیس اسٹیشن میں پیش ہوں گی۔

خیال رہے کہ کنگنا رناوٹ بولی وڈ میں اقربا پروری جیسے مسائل سمیت فلم انڈسٹری میں خواتین کا استحصال کیے جانے پر بھی کھل کر بات کرتی آئی ہیں۔

علاوہ ازیں کنگنا رناوٹ بولی وڈ شخصیات کی جانب سے منشیات کے استعمال کی باتیں بھی کرتی رہی ہیں جب کہ حالیہ چند ماہ میں انہیں مسلم مخالف ٹوئٹس بھی کرتے ہوئے دیکھا گیا۔

Read Comments