کنگنا رناوٹ کے خلاف مذہبی فسادات کرانے کے الزام کے تحت مقدمہ دائر

اپ ڈیٹ 18 اکتوبر 2020
پولیس نے عدالتی حکم کے تحت دونوں بہنوں کے خلاف مقدمہ دائر کیا—فائل فوٹو: انسٹاگرام
پولیس نے عدالتی حکم کے تحت دونوں بہنوں کے خلاف مقدمہ دائر کیا—فائل فوٹو: انسٹاگرام

بولی وڈ کی پنگا ’کوئین‘ کہلائی جانے والی اداکارہ کنگنا رناوٹ اور ان کی بہن رنگولی چنڈیل کے خلاف بھارتی ریاست مہارا شٹر کے شہر ممبئی کی پولیس نے مذہبی فسادات کرانے کے الزامات میں مقدمہ دائر کردیا۔

بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس کے مطابق اداکارہ اور ان کی بہن کے خلاف مذہبی فسادات کرانے، زبان، رنگ اور نسل کی بنیاد پر مختلف برادریوں کو نشانہ بناکر ان میں فسادات کرانے کے الزامات کے تحت ایک شہری نے عدالت میں درخواست دی تھی، جس کے بعد عدالت نے اداکارہ کے خلاف مقدمہ دائر کرنے کا حکم دیا۔

ممبئی میٹروپولیٹن میجسٹریٹ کی عدالت میں منور علی سید نامی کاسٹنگ ڈائریکٹر اور فٹنیس ٹرینر نے دخواست دی تھی کہ اداکارہ کی جانب سے گزشتہ چند ماہ سے کی جانے والی ٹوئٹس سے مذہبی فسادات پیدا ہونے کا خدشہ ہوگیا ہے۔

منور علی سید کا کہنا تھا کہ کنگنا رناوٹ اور ان کی بہن کی جانب سے زبان، ریاست، رنگ، نسل اور مذہب کی بنیاد پر لوگوں میں فسادات کروانے کی کوشش جیسی ٹوئٹس کی جا رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: گھر کی توڑ پھوڑ کے بعد کنگنا رناوٹ کو وزیر جیسی سیکیورٹی فراہم

درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ دونوں بہنیں بولی وڈ انڈسٹری پر بھی سنگین الزامات لگا رہی ہیں جب کہ کنگنا رناوٹ ہندو مسلم فسادات کروانے کی کوشش کر رہی ہیں، اس لیے ان کے خلاف مقدمہ دائر کرنے کا حکم دیا جائے۔

منور علی سید کی درخواست پر مقامی عدالت نے ممبئی پولیس کو حکم دیا کہ اداکارہ اور ان کی بہن کے خلاف نسلی و مذہبی فسادات کروانے سمیت دوسرے لوگوں کے جذبات مجروح کرنے کی دفعات کے تحت مقدمہ دائر کیا جائے۔

عدالتی احکامات کے بعد باندرا پولیس اسٹیشن نے کنگنا رناوٹ اور ان کی بہن رنگولی چنڈیل کے خلاف لوگوں کو بھڑکانے، دوسروں کے جذبات مجروح کرنے اور نسلی و مذہبی فسادات کرانے کی کوشش جیسے الزامات کے تحت فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) درج کردی۔

پولیس نے بتایا کہ مقدمہ دائر ہونے کے بعد اب تفتیشی افسر اداکارہ اور ان کی بہن کے خلاف لگائے گئے الزامات کے ثبوت اکھٹے کریں گے اور دونوں بہنوں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کا ریکارڈ حاصل کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: ممبئی پولیس کو کنگنا رناوٹ کے خلاف منشیات کی تفتیش کا حکم

دوسری جانب کنگنا رناوٹ کے وکیل نے اداکارہ اور ان کی بہن کے خلاف مقدمہ دائر ہونے کو آزادی اظہار رائے پر قدغن قرار دیا اور کہا کہ ان پر غلط الزامات کے تحت مقدمہ دائر کیا گیا تاہم وہ الزامات کا عدالت میں اچھے طریقے سے دفاع کریں گے۔

خیال رہے کہ کنگنا رناوٹ بولی وڈ میں اقربا پروری جیسے مسائل سمیت فلم انڈسٹری میں خواتین کا استحصال کیے جانے پر بھی کھل کر بات کرتی آئی ہیں۔

علاوہ ازیں کنگنا رناوٹ بولی وڈ شخصیات کی جانب سے منشیات کے استعمال کی باتیں بھی کرتی آئی ہیں، جب کہ حالیہ چند ماہ میں انہیں مسلم مخالف ٹوئٹس بھی کرتے ہوئے دیکھا گیا۔

تبصرے (0) بند ہیں