Dawn News Television

اپ ڈیٹ 06 نومبر 2020 11:17am

شاداب انجری کا شکار: زمبابوے کےخلاف پہلے ٹی20 میں شرکت نہیں کریں گے

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اعلان کیا ہے کہ شاداب خان زمبابوے کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں شرکت نہیں کریں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی میڈیکل ٹیم کا کہنا ہے کہ لیگ اسپنر کی انجری میں بہتری آرہی ہے تاہم انہیں ابھی مزید آرام کا مشورہ دیا گیا ہے۔

پی سی بی کے بیان میں کہا گیا کہ سیریز کے اگلے دونوں ٹی ٹوئنٹی میچوں میں شاداب خان کی شرکت کا فیصلہ مناسب وقت پر کیا جائے گا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان 3 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 7 نومبر کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: زمبابوے نے پاکستان کو تیسرے میچ میں سپر اوور میں شکست دے دی

واضح رہے کہ لیگ اسپنر نے 23 اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے پہلے انٹرا اسکواڈ پریکٹس میچ کے دوران اپنی بائیں ٹانگ میں کھچاؤ محسوس ہونے کی شکایت کی تھی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان 3 ایک روزہ میچز کی سیریز میں پاکستان نے 1-2 سے کامیابی حاصل کی تھی۔

سیریز کے آخری میچ میں زمبابوے نے سپر اوور میں کامیابی حاصل کرکے پاکستان کو کلین سوئپ سے محروم کردیا تھا۔

Read Comments