Dawn News Television

اپ ڈیٹ 22 نومبر 2020 02:18pm

منشیات کیس میں بھارتی کامیڈین، شوہر سمیت گرفتار

بھارت کے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے منشیات سے متعلق پوچھ گچھ کے بعد کامیڈین بھارتی سنگھ کو گرفتار کرلیا۔

این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق انسداد منشیات ایجنسی کی جانب سے ان کے گھر کے چھاپے کے دوران 'چرس کی کچھ مقدار' برآمد ہونے کے بعد بھارتی سنگھ اور ان کے شوہر ہرش لمباچیا کو پوچھ گچھ کے لیے 21 نومبر کو ممبئی میں این سی بی کے دفتر لے جایا گیا تھا۔

اندھیری میں واقع اپارٹمنٹ کمپلیکس میں ان کی رہائش گاہ کے باہر کی تصاویر اور ویڈیوز سے دیکھا جاسکتا ہے کہ بھارتی سنگھ کو سرخ رنگ کی مرسڈیز میں جبکہ ان کے شوہر کو سفید رنگ کی این سی بی وین میں لے جایا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: منشیات کیس میں ارجن رامپال سے 7 گھنٹے تفتیش

بھارتی سنگھ نے این سی بی کے دفتر پہنچنے پر صحافیوں کو بتایا تھا کہ 'انہوں نے ہمیں کچھ پوچھ گچھ کے لیے بلایا ہے'۔

این سی بی کے ایک تفتیشی عہدیدار سمیر وانکھیڈے نے خبر ایجنسی اے این آئی کو بتایا کہ 'بھارتی سنگھ اور ان کے شوہر کو منشیات رکھنے سے متعلق پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیا گیا'۔

دوسری جانب پریس ٹرسٹ آف انڈیا نے این سی بی کے ایک اور عہدیدار کا حوالہ دیا جنہوں نے بتایا کہ بھارتی سنگھ کا نام ایک منشیات اسمگلر سے پوچھ گچھ کے درمیان سامنے آٰیا اور ان کے گھر کے چھاپے کے دوران 'کچھ مقدار میں چرس' برآمد ہوئی۔

عہدیدار نے کہا کہ این سی بی نے ممبئی میں دیگر 2 مقامات پر بھی چھاپے مارے۔

این سی بی نے بھارتی سنگھ کے گھر پر یہ چھاپہ، جون میں اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی منسلک منشیات کیس کی تفتیش کا دائرہ کار بڑھانے کے تناظر میں مارا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: این سی بی کا ارجن رامپال کےگھر پر چھاپہ

رواں ماہ کے آغاز میں ارجن رامپال کے گھر پر بھی چھاپہ مارا تھا اور اداکار سمیت ان کی گرل فرینڈ گیبریلا ڈیمٹریڈس کو بھی تفتیش کے لیے طلب کیا گیا تھا۔

این سی بی نے گیبریلا ڈیمٹریڈس سے 2 دن تفتیش کی تھی (مجموعی طور پر 12 گھنٹے) جبکہ ارجن رامپال سے 6 گھنٹے تک تفتیش کی گئی تھی۔

این سی بی کی جانب سے ستمبر میں بولی وڈ اداکاراؤں دپیکا پڈوکون، شردھا کپور، سارہ خان اور راکول پریت سنگھ کو بھی اسی کیس میں تفتیش کے لیے طلب کیا گیا تھا۔

Read Comments