Dawn News Television

اپ ڈیٹ 23 نومبر 2020 04:13pm

'لیلیٰ او لیلیٰ' کے بعد علی ظفر سندھی لوگ گیت کا ریمیک ریلیز کرنے کو تیار

پاکستان کے نامور موسیقار، گلوکار و اداکار علی ظفر نے گزشتہ برس صوبہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والی گلوکارہ عروج فاطمہ کے ساتھ اپنا کیا وعدہ مکمل کرتے ہوئے 'لیلیٰ او لیلیٰ ' گانا جاری کیا تھا۔

اکتوبر 2019 میں لائٹنگل پروڈکشن کی جانب سے جاری کردہ اس گانے کو محض ایک ہی دن میں 87 ہزار سے زائد بار دیکھا گیا تھا اور شائقین نے عروج فاطمہ کی آواز کی تعریف بھی کی تھی۔

علی ظفر اور عروج فاطمہ نے ماضی کے مقبول لوک بلوچی گانے ’لیلیٰ او لیلیٰ‘ کو جدید انداز میں پیش کرکے اپنے مداحوں کو تحفہ دیا تھا۔

مزید پڑھیں: عروج فاطمہ کی علی ظفر کے ساتھ ’لیلیٰ او لیلیٰ‘ کے ذریعے انٹری

اس گانے نے مقبولیت کے ریکارڈ بنائے تھے اور اب تک اسے 2 کروڑ 73 لاکھ سے زائد مرتبہ دیکھا جاچکا ہے۔

اور اب علی ظفر نے عروج فاطمہ کے ساتھ سندھی گانے 'الے' کا پرومو جاری کیا ہے۔

انہوں نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر گانے کا پرومو جاری کیا جس میں وہ علی ظفر، عروج فاطمہ کے ساتھ اجرک پہنے سندھی گانے کی دھن پر رقص کررہے ہیں۔

علی ظفر نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ ہمارے خوبصورت بلوچستان کے لیے 'لیلیٰ او لیلیٰ' کے بعد عروج فاطمہ اور میں ہمارے پیارے سندھ کے لیے ' الّے ' کے ساتھ واپس آرہے ہیں۔

انہوں نے اپنی پوسٹ میں مزید لکھا کہ گانے میں ان کے ساتھ ریپر عابد بروہی بھی ہیں۔

پرومو کے مطابق علی ظفر اور عروج فاطمہ کا نیا گانا رواں ماہ کی 26تاریخ کو ریلیز کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: علی ظفر کے 'لیلیٰ او لیلیٰ' نے ایک اور ریکارڈ بنالیا

علی ظفر کے سندھی گیت کا پرومو کافی مقبول ہوا ہے اور اب تک انسٹاگرام پر جاری اس پرومو کو ایک لاکھ 77 ہزار سے زائد مرتبہ دیکھا جاچکا ہے۔

دوسری جانب عروج فاطمہ نے بھی اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر سندھی گانے کا پرومو جاری کیا۔

گانے کا پرومو جاری ہونے سے قبل ریپر عابد بروہی نے مداحوں کو بتایا تھا کہ علی ظفر کے ساتھ ان کا نیا سندھی گانا جلد ریلیز ہوگا۔

Read Comments