Dawn News Television

اپ ڈیٹ 23 نومبر 2020 08:01pm

منشیات کیس میں کامیڈین بھارتی سنگھ اور ہرش لمباچیا کی ضمانت منظور

منشیات سے متعلق کیس میں بھارت کے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کی جانب سے گرفتاری کے بعد کامیڈین بھارتی سنگھ اور ان کے شوہر ہرش لمباچیا کی درخواست ضمانت منظور کرلی گئی۔

انڈیا ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ممبئی کی خصوصی این ڈی پی ایس عدالت نے کامیڈین بھارتی سنگھ اور ان کے شوہر ہرش لماچیا کی درخواست ضمانت منظور کرلی۔

این سی بی کی جانب سے منشیات قبضے میں لینے اور استعمال سے متعلق کیس میں انہیں گرفتار کرنے کے بعد 4 دسمبر تک جوڈیشل کسٹڈی میں بھیج دیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: منشیات کیس میں بھارتی کامیڈین، شوہر سمیت گرفتار

جس کے بعد دونوں کے وکیل ایاز خالد نے درخواست ضمانت دائر کی تھی اور آج (23 نومبر کو) این ڈی پی ایس عدالت نے بھارتی سنگھ اور ہرش لمباچیا کی ضمانت منظور کرلی۔

این سی بی کی جانب سے اندھیری ویسٹ میں کامیڈین بھارتی سنگھ کے گھر اور دفتر پر چھاپہ مارنے اور مبینہ طور پر 86.50 گرام چرس برآمد ہونے کے بھارتی سنگھ اور ان کے شوہر کو گرفتار کیا گیا تھا۔

منشیات قبضے میں لینے کے بعد دونوں نے منشیات کے استعمال کا اعتراف کیا تھا جس کے بعد ان سے پوچھ گچھ اور گرفتاری عمل میں آئی تھی۔

دوسری جانب ہرش لمباچیا نے این سی بی کو بتایا کہ وہ صرف ذاتی استعمال کے لیے منشیات خریدتے تھے۔

این سی بی کے ایک تفتیشی عہدیدار سمیر وانکھیڈے نے خبر ایجنسی اے این آئی کو بتایا تھا کہ 'بھارتی سنگھ اور ان کے شوہر کو منشیات رکھنے سے متعلق پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیا گیا'۔

دوسری جانب پریس ٹرسٹ آف انڈیا نے این سی بی کے ایک اور عہدیدار کا حوالہ دیا تھا جنہوں نے بتایا کہ بھارتی سنگھ کا نام ایک منشیات اسمگلر سے پوچھ گچھ کے دوران سامنے آیا اور ان کے گھر کے چھاپے کے دوران 'کچھ مقدار میں چرس' برآمد ہوئی۔

عہدیدار نے کہا تھا کہ این سی بی نے ممبئی میں دیگر 2 مقامات پر بھی چھاپے مارے۔

بھارتی سنگھ اور ہرش لمباچیا بھارت کی نامور ٹی وی شخصیات ہیں جو پروگرامز پروڈیوس کرنے یا ان کی میزبانی کے لیے جانے جاتے ہیں۔

اس کے علاوہ وہ ریئلٹی شوز 'خطروں کے کھلاڑی'، 'کپل شرما شو' اور دیگر ٹیلی سیریز میں بھی شرکت کرتے رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: منشیات کیس میں ارجن رامپال سے 7 گھنٹے تفتیش

این سی بی نے بھارتی سنگھ کے گھر پر یہ چھاپہ، جون میں اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی منسلک منشیات کیس کی تفتیش کا دائرہ کار بڑھانے کے تناظر میں مارا تھا۔

رواں ماہ کے آغاز میں ارجن رامپال کے گھر پر بھی چھاپہ مارا تھا اور اداکار سمیت ان کی گرل فرینڈ گیبریلا ڈیمٹریڈس کو بھی تفتیش کے لیے طلب کیا گیا تھا۔

این سی بی نے گیبریلا ڈیمٹریڈس سے 2 دن تفتیش کی تھی (مجموعی طور پر 12 گھنٹے) جبکہ ارجن رامپال سے 6 گھنٹے تک تفتیش کی گئی تھی۔

این سی بی کی جانب سے ستمبر میں بولی وڈ اداکاراؤں دپیکا پڈوکون، شردھا کپور، سارہ خان اور راکول پریت سنگھ کو بھی اسی کیس میں تفتیش کے لیے طلب کیا گیا تھا۔

Read Comments